فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) افسران اور عملہ کی نااہلی’ اراضی ریکارڈ سنٹر سائلین کیلئے سہولت کی بجائے زحمت بن گیا، سائلین معمولی کام کیلئے کئی کئی چکر لگانے پر مجبور۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد شہر او دور دراز کے علاقوں سے روزانہ سینکڑوں شہری اراضی کی فرد’ انتقال کیلئے اراضی ریکارڈ سنٹر سے رجوع کرتے ہیں اور صبح سویرے آ کر قطاروں میں کھڑے ہو جاتے ہیں مگر کئی کئی گھنٹے قطاروں میں کھڑے ہو کر دھکے کھانے کے باوجود شہریوں کا کام نہیں ہوتا، نااہل اور کام چور ملازمین کبھی لنک ڈائون اور کبھی سسٹم فیل ہونے کا بہانہ بنا کر شہریوں کو کل آنے کا کہہ کر ٹرخا دیتے ہیں، سائلین کسی معمولی کام کیلئے بھی اراضی ریکارڈسینٹر کے کئی کئی چکر لگانے پر مجبور ہیں، عملہ کی جانب سے غیر واضح رہنمائی اور بار بار نئی ہدایات دینا بھی معمول بن چکا ہے، عوام روزانہ کی بنیاد پر اراضی ریکارڈ سنٹر میں ذلیل وخوار ہو رہے ہیں۔ سفارشی لوگوں کے فوری کام ہو جاتے ہیں عام شہری کی کوئی دادرسی کرنے والا نہیں ہے۔ اراضی ریکارڈ سینٹر میں رش کے باعث دھکم پیل اور لڑائی جھگڑے بھی معمول بن چکے ہیں، اراضی ریکارڈ سینٹر میں سہولیات کا بھی فقدان ہے۔ پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں، کئی پنکھے خراب ہو چکے ہیں۔ سائلین تمام دن شدید گرمی میں کھڑے رہتے ہیں۔ عرضیکہ عوام کی سہولت کیلئے بنایا گیا اراضی ریکارڈ سینٹر سائلین کیلئے پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔ شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف’ ڈویژنل کمشنر عمران حامد شیخ اور ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیکر اراضی ریکارڈ کے معاملات درست کروائیں۔ آڈٹ کروایا جائے، غیر ذمہ دار ملازمین کا احتساب اور ایسا موثر نظام بنایا جائے جہاں ہر شہری کا جائز کام عزت’ شفافیت اور مقررہ وقت میں ہو۔




