فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) افغانستان کی طرف سے بار بار پاکستان پر سرحدی حملے ،ہائبرڈ اور پراکسی وار کے ذریعے اندرون ملک دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ناقابل برداشت ہو چکا ہے جس کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیںتاکہ اس فتنے کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جا سکے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے حالیہ افغان حملوں کے جواب میں پاکستان کی کامیاب فوجی کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہا کہ افغانستان مکمل طور پر بھارت کی کالونی بن چکا ہے جہاں سے افغان خود کش حملہ آوروں کے ذریعے پاکستان میں خونریزی کا مکروہ کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ انہوںنے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حملہ آور مساجد سمیت تعلیمی اداروں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں ۔




