فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب اتھارٹی عابد حسین بھٹی کی قیادت میں فتح معرکہ حق ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ستھرا پنجاب کے افسران، اہلکاروں اور ویسٹ ورکرز نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ محبت کیلئے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔ریلی کے دوران شرکاء نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قومی اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ا تھارٹی نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص قومی اتحاد اور حب الوطنی کی علامت ہے اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم ہمیشہ ناکام ہوں گے جبکہ افواجِ پاکستان کی قربانیاں قوم کیلئے باعثِ فخر ہیں۔ عابد حسین بھٹی کا مزید کہنا تھا کہ ریلی کے انعقاد کا مقصد افواجِ پاکستان سے محبت، یکجہتی اور ملکی سلامتی کیلئے قومی عزم کا اظہار کرنا ہے۔ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور امن کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔




