اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائینگے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر پر پیغام دیا کہ آج ایسٹر کے پرمسرت موقع میں پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ تمام اہل و طن کو اس تہوار کی روایتی خوشیاں مبارک ہوں۔وزیر اعظم نے کہا ہم دعاگو ہیں کہ خوشیوں کا یہ دن مسیحی برادری، ہمارے ملک اور دنیا بھر کے لیے امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔دنیا کے موجودہ کشیدہ حالات میں تمام مذاہب کی امن کی تعلیم و ترغیب اور بھی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ ایسٹر کسی بھی مذہبی تہوار کی طرح پوری انسانیت کے لیئے محبت اور امید نو کا پیغام ہے۔ ایسٹر قربانی و درگزر، امن و رواداری، بھائی چارے جیسی مثبت اقدار اور سماجی اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیام ہے۔ پاکستان کی مسیحی برادری تمام پیشہ وارانہ شعبوں میں، ملکی معاشی و معاشرتی ترقی کے لیے قابل فخر، قابل قدر اوربڑا فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ تمام شہریوں بالخصوص اقلیتوں کے مذہبی، معاشی، تعلیمی حقوق کا یقینی تخفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تمام شہریوں کے لئے یکساں مواقع اور حقوق کے تخفظ کے عزم کی بنیاد اسلامی تعلیمات، قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات اور آئین پاکستان کی ضمانت پر قائم ہے. مذہبی ہم آہنگی اور کثیر الجہتی ثقافت کے رنگ معاشرتی تنوع کے عکاس ہیں۔ تمام طبقات کی ملکی ترقی کے لئے مخلصانہ کاوشیں ہی فلاحی ریاست اور قومی اتحاد کی ضمانت ہیں۔آئیے تجدید عہد کریں کہ تمام قوم متحد ہو کر پوری جانفشانی سے ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا تعمیری کرادر ادا کرتی رہے گی۔آپ سب کونیک تمنائوں کے ساتھ ایسٹر کی دلی مبارکباد!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں