فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی تاریخِ اسلام کا روشن باب ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اپنے اہلِ خانہ اور رفقا کے ہمراہ دینِ اسلام کی سربلندی، حق کی حفاظت اور ظلم کے خاتمے کے لیے جو قربانی پیش کی وہ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ فلسفہ کربلا ہمیں صبر، استقامت، وفاداری، ایثار اور حق پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے۔حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام نے احیائے نظام خلافت اور اسلام کی سربلندی کے لیے قربانی پیش کی۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہلسنت 204 چک کے زیر اہتمام محفل ذکر شہدائے کربلا و سالانہ عرس مبارک پیر سید محمد محفوظ الحق شاہ رحمتہ اللہ علیہ سے سید محمد اظہار الحق شاہ،علامہ شفقت علی حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اولیائے کرام اور علمائے حق نے ہمیشہ محبتِ رسول ۖ، محبتِ اہلِ بیت اور قرآن و سنت کے پیغام کو عام کیا۔ حضرت پیر سید محمد محفوظ الحق شاہ بھی انہی عظیم ہستیوں میں شامل تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت، اصلاحِ معاشرہ، مساجد و مدارس کی سرپرستی اور عوام کی دینی رہنمائی میں صرف کی۔اس موقع پر علماء کرام نے حضرت پیر سید محمد محفوظ الحق شاہ کی دینی، روحانی، علمی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی خدمات اہلِ سنت کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہیں۔ آپ نے محبتِ رسولۖ، عقیدہ اہلِ سنت اور تبلیغ اسلام کے لیے ایسا کردار ادا کیا، جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔




