اسلام آباد (بیورو چیف)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے امریکا اور ایران کے درمیان جلد معاہدہ طے پانے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری مشرقِ وسطی میں طویل عرصے تک جاری رہنے والے تنازعات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔عالمی نشریاتی ادارے یورونیوز کو دیئے گئے اپنے خصوصی انٹرویو میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ میں فطری طور پر پرامید انسان ہوں اور مجھے یقین ہے جلد یا بدیر، اور میری امید ہے کہ جلد ہی، ہم اپنا مقصد حاصل کر لیں گے کیونکہ دنیا توانائی کی سپلائی چین میں تعطل، قیمتوں میں اضافے اور عوام کی مشکلات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ ہمارے ملک میں بھی لوگ ان مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔18 جون کے معاہدے کی بعد ہونے والی خلاف ورزیوں کے باوجود اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ اسلام آباد نے امن عمل سے دستبرداری اختیار نہیں کی اور دونوں ممالک، امریکہ اور ایران، کو دستخط شدہ معاہدے کی پاسداری پر آمادہ کرنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے پاکستان کے آزاد اور کثیرجہتی خارجہ پالیسی کے عزم کا اعادہ کیا اور امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات میں پاکستان کے اہم ثالثی کردار کے پس منظر کی تفصیلات بھی بیان کیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے زور دیا کہ عالمی سطح پر شدید تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔ انہوں نے یکطرفہ اقدامات اور بلاک سیاست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 2025-2026 کے دوران اپنی رکنیت کے عرصے میں تنازعات کے پرامن حل اور ریاستوں کی خودمختاری کے احترام کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ 28 فروری کو شروع ہونے والی کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی حملے کی مذمت کرنے والا پاکستان پہلا ملک تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس کے فوری بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے رابطہ کرکے انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنے اور خلیجی و مشرقِ وسطی کے ممالک کو نشانہ نہ بنانے کا مشورہ دیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں 10 اور 11 اپریل کو اس وقت اہم مرحلے میں داخل ہوئیں جب اسلام آباد نے 47 سال بعد امریکہ اور ایران کے درمیان پہلے براہِ راست بالمشافہ مذاکرات کی میزبانی کی۔انہوں نے کہا کہ 21گھنٹے تک جاری رہنے والے طویل مذاکرات میں دونوں فریق معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ گئے تھے تاہم ایک وفد نے اپنی قیادت سے مشاورت کے لیے مذاکرات میں وقفہ کیا۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان کی مسلسل ثالثی اور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں بالآخر 18 جون کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)طے پائی، اس یادداشت پر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو اس وقت یورپ میں جی سیون سربراہی اجلاس میں شریک تھے اور ایرانی صدر نے آن لائن دستخط کیے۔ اسحاق ڈار نے 31 مارچ کو چین کے دورے کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ مشاورت سے تیار کیے گئے مشرقِ وسطی کے لیے پانچ نکاتی امن اقدام کو بھی اجاگر کیا۔ایک اور سوال کے جواب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی معیشت کے تحفظ اور دیرپا امن کے قیام کے لیے نئے علاقائی سلامتی کے نظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطی میں جاری کشیدگی کا واحد حل مذاکرات ہیں، نہ کہ فوجی کارروائیاں۔انہوں نے بتایا کہ ریاض میں 12 اسلامی ممالک کے مارچ میں جاری کردہ متفقہ اعلامیے کے بعد پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل ریجنل فور (آر4) نے کشیدگی میں کمی اور تحمل کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سفارتی کوششیں 23 اکتوبر کو استنبول میں برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی پر مشتمل ای فور (ای4) کے ساتھ مشترکہ مذاکرات کے ذریعے مزید آگے بڑھیں۔ جرمنی نے اب دونوں گروپوں کو دسمبر میں مزید مشاورت کے لیے مدعو کیا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ دونوں فریقوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے اور یہ سمجھانے کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ فوجی کارروائیوں کے ذریعے کوئی حل ممکن نہیں، اس کا واحد راستہ مذاکرات اور سفارت کاری ہے۔ امریکا او ر چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ماضی میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں اتار چڑھا آتا رہا ہے تاہم اس وقت پاکستان امریکہ کے ساتھ فعال اور مثبت سفارتی روابط رکھتا ہے۔ اس باہمی اعتماد کا اظہار اس حقیقت سے بھی ہوتا ہے کہ امریکہ اور ایران دونوں نے براہِ راست مذاکرات کے لیے اسلام آباد کو متفقہ طور پر واحد مقام کے طور پر منتخب کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امریکہ اور اپنے 75 سالہ دیرینہ اور ہر موسم کے دوست چین، دونوں کے ساتھ آزادانہ طور پراقتصادی شراکت داری برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اس کے علاوہ یورپ اور مشرقِ وسطی کے ساتھ بھی پاکستان کے تعلقات اور تعاون جاری ہیں۔معاشی امور سے متعلق وزارتوں میں اپنے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ اب روایتی سفارت کاری کے ساتھ ساتھ اقتصادی سفارت کاری بھی متوازی طور پر آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی امن اور خوشحالی کے لیے اقوام متحدہ، عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)سمیت بین الاقوامی اداروں میں فوری اصلاحات کی بھی ضرورت ہے۔ افغانستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ملک افغانستان کو مستحکم اور خوشحال دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چار سال سے جاری تعطل ختم کرنے کے لیے انہوں نے 2025 میں کابل کے تین دورے کیے،ان دوروں کے دوران پاکستان نے تجارت، معیشت اور افغان مہاجرین سے متعلق افغانستان کے مطالبات پر فوری پیش رفت کرتے ہوئے آٹھ ہفتوں کے اندر ان پر عمل درآمد کیا۔ پاکستان نے بجلی کے منصوبے کاسا-1000 (CASA-1000) کی بحالی کے لیے عالمی بینک سے بھی رابطہ کیا اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کیا تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا واحد مطالبہ، یعنی افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دینا، تاحال پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی اداروں کے ساتھ قابلِ اعتماد شواہد شیئر کیے ہیں جن سے گزشتہ اکتوبر میں ہونے والے بڑے دہشت گرد حملوں کے افغانستان سے سرگرم گروہوں کے ساتھ روابط ظاہر ہوتے ہیں۔ ان گروہوں میں تحریک طالبان پاکستان ، بلوچستان لبریشن آرمی ، مجید بریگیڈ، داعش خراسان (ISKP)اور ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ (ETIM)شامل ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی سطح پر انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں صفِ اول کا کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان نے ایک لاکھ جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور 150 ارب ڈالر کے معاشی نقصانات برداشت کیے ہیں۔ افغانستان کے ساتھ اعتماد کی بحالی کے لیے محض زبانی یقین دہانیاں کافی نہیں بلکہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قابلِ تصدیق اور موثر عملی اقدامات ضروری ہیں۔بھارت کے ساتھ تعلقات اور سندھ طاس معاہدہ کے حوالے سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ دوطرفہ مذاکرات کی بحالی کا انحصار نئی دہلی پر ہے۔ انہوں نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت میں بھارت کی جانب سے کی گئی غیر آئینی تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی تھے۔ انہوں نے مئی 2025 میں پہلگام واقعے کے بعد دونوں ایٹمی قوتوں کے درمیان ہونے والی کشیدگی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پہلگام واقعے کی فوری طور پر بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی تھی تاہم بھارت نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا۔ اسحاق ڈار نے بھارت کی جانب سے 1960 کے سندھ طاس معاہدے کو غیر موثر رکھنے کے اعلان پر بھی سخت اعتراض کیا۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ بین الاقوامی معاہدوں کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا اس سلسلے میں انہوں نے ثالثی عدالت کے اس فیصلے کا حوالہ بھی دیا جس میں معاہدے کی قانونی حیثیت برقرار ہونے کی توثیق کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 26 کروڑ عوام کی زراعت، روزگار اور غذائی تحفظ کا انحصار پانی کی فراہمی پر ہے۔ انہوںنے کہاکہ کسی معاہدے کو غیر مثر نہیں رکھا جا سکتا، پاکستان اس معاہدے میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کو محض قبول کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے زور دیا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا کسی بھی صورت مناسب نہیں اور بین الاقوامی معاہدوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ بین الاقوامی معاہدوں کا احترام کیا جانا چاہیے، چاہے کوئی ملک بڑا ہو یا چھوٹا، ہمیں ان بنیادی اصولوں کو سیکھنا چاہیے جن کے ذریعے عالمی نظام میں انصاف کی بالادستی بحال ہو اور یہ ثابت ہو کہ انصاف ہر ایک کے لیے ہے۔انہو ں نے کہاکہ معیشت، معدنی وسائل اور اقتصادی اصلاحات کے حوالے سے اسحاق ڈار نے بتایا کہ ملک کا بیرونی قرضہ 130 ارب ڈالر ہے تاہم پاکستان کے غیر دریافت شدہ معدنی وسائل اور نایاب زمینی عناصرکی صلاحیت 6 سے 10 ٹریلین ڈالر کے درمیان ہے،ان وسائل کی اہمیت کا اندازہ تیسرے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے بھی لگایا جا سکتا ہے جس میں 60 ممالک نے شرکت کی۔بطور وزیر خزانہ اپنی چار مختلف مدتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باالخصوص 2013 سے 2017 کے دوران پاکستان کی معیشت کو بہتر بنا کر دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت کے مقام تک پہنچایا تھا، تاہم پالیسیوں میں تبدیلیوں کے باعث 2022تک پاکستان کی معیشت 47 ویں نمبر پر چلی گئی۔انہوں نے ماضی کے معاشی بحرانوں کی ایک بڑی وجہ پالیسیوں کے تسلسل کا فقدان قرار دیا۔اسحاق ڈار نے 2006 کے میثاقِ جمہوریت کی طرز پر میثاقِ معیشت کی ضرورت پر دوبارہ زور دیا تاکہ بنیادی معاشی پالیسیوں کو سیاسی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے اور ملک میں معاشی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہے۔مستقبل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور چین کے ساتھ سی پیک 2.0 میں داخل ہو چکا ہے۔ اس مرحلے میں تعاون کا دائرہ بنیادی ڈھانچے سے آگے بڑھاتے ہوئے ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، زراعت اور عوام کے ذرائع معاش بہتر بنانے کے شعبوں تک وسیع کیا جا رہا ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یورپی یونین اور برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان دو اسٹریٹجک مذاکرات ہو چکے ہیں جبکہ دوطرفہ تجارت کا حجم تقریبا 9 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔انہوں نے یورپی اداروں پر زور دیا کہ پاکستان کی جی ایس پی پلس (GSP+)تجارتی سہولت میں توسیع کی جائے، جس کی موجودہ مدت رواں سال کے اختتام پر ختم ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد یکم جنوری 2029سے نافذ ہونے والے نئے نظام کے تحت درکار تمام 32 بین الاقوامی کنونشنز پر عمل درآمد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ یورپی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سکیورٹی سے متعلق درپیش خدشات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے پاکستان کو زیادہ خطرے والی منڈی قرار دینے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بنیادی طور پر تصوراتی مسئلہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے خصوصی سکیورٹی فورسز تعینات ہیں۔انہوں نے خیبر پختونخوا میں گزشتہ 13 سال کے دوران صوبائی سطح پر حکمرانی اور انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات میں مبینہ غفلت کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے گورننس کی بحالی اور دہشت گردی کے خلاف مثر اقدامات کے لیے حالیہ ہنگامی مداخلت کا بھی ذکر کیا۔ انہوںنے کہاکہ اس عرصے میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت 800 ارب روپے سے زائد فنڈز فراہم کیے جا چکے ہیں۔یورپ کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان یورپ کے لیے سپلائی چین میں تنوع پیدا کرنے کے حوالے سے وسیع امکانات رکھتا ہے، باالخصوص خوراک اور نایاب زمینی معدنیات کے شعبوں میں۔انہوں نے کہا کہ یورپ اور برطانیہ میں پاکستانی تارکینِ وطن کی ایک متحرک اور مضبوط کمیونٹی بھی موجود ہے جو پاکستان اور یورپی ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔نائب وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل کے تمام امیدواروں سے عالمی اداروں میں ضروری کثیرجہتی اصلاحات کے نفاذ کے لیے حمایت اور وعدے حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔




