تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی افواج نے جنوبی ایران کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر فضائی حملے کیے ہیں، جن میں خوزستان، ہرمزگان اور بوشہر صوبے کے متعدد شہر نشانہ بنے۔رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب جنوب مغربی صوبہ خوزستان میں کم از کم 3 شہروں پر حملے کیے گئے، جن میں رامشیر بھی شامل ہے، جہاں ایک اسفالٹ پلانٹ کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔اس کے علاوہ اہواز سے ملحقہ علاقوں اور اہم بندرگاہی شہر ماہشہر میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، صوبہ ہرمزگان کے شہر سیریک میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، یہ شہر آبنائے ہرمز پر اپنی اہم جغرافیائی حیثیت کے باعث خاص اہمیت رکھتا ہے۔بوشہر کے گورنر نے رات گئے ہونے والے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بوشہر جوہری بجلی گھر کے قریب واقع ایک بجلی کے سب سٹیشن کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث شہر میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ایران کے مغربی سرحدی شہر شلمچہ میں عراق کی سرحد کے قریب امریکی میزائل حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، اس حوالے سے ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ امریکی میزائلوں نے شلمچہ میں مسافر ٹرمینل کے اطراف کے علاقے کو نشانہ بنایا۔خیال رہے کہ اس قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا تھا کہ کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر امریکی افواج نے ایران کے فوجی اہداف پر مزید حملے شروع کر دیے ہیں۔ سینٹ کام کے مطابق یہ کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ علاقائی سمندری راستوں سے گزرنے والے شہری اور تجارتی جہازوں کو خطرے میں ڈالنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کیا جا سکے۔ یہ بھی واضح رہے کہ امریکا کی ایران پر بمباری مسلسل بارہویں روز میں داخل ہو چکی ہے، حالیہ امریکی حملوں میں ایران کے اندر 3بچوں سمیت 53شہری شہید ہو چکے ہیں، جبکہ ایران کی جوابی کارروائیوں میں 4امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔دریں ثناء ۔تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی حملوں کے جواب میں ایرانی پاسداران انقلاب نے کویت میں امریکی تنصیبات پر حملے کیے ہیں۔ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق کویت میں علی السالم ایئر بیس پر فوجی سازوسامان کے گودام کو نشانہ بنایا، امریکی پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام اور ایم کیو9 ڈرونز ہینگرپر بھی حملے کئے۔بیان کے مطابق العدیری بیس پر امریکی فوجیوں کی رہائشگاہ اور 2ہیلی کاپٹر ہینگرز پر بھی میزائل داغے، کویت میں موصلاتی ٹاور کو نشانہ بنایا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کویت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ایران نہیں بلکہ امریکہ کر رہا ہے، ہم ان ممالک کو نشانہ بنا رہے ہیں جن پر امریکی فوج قابض ہے۔دریں ثناء ۔واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان نے 1.15ٹریلین ڈالر مالیت کا دفاعی بجٹ منظور کرلیا۔امریکی میڈیا کے مطابق بل 212 کے کے مقابلے میں 216ووٹوں سے منظور ہوا۔ بجٹ میں اسرائیل سے دفاعی تعلقات مضبوط کرنے کی شق شامل ہے۔ری پبلکنز کی اکثریت اور 6ڈیموکریٹس نے بل کی حمایت کی ۔ وزیرِ جنگ پینٹاگون کے ایگزیکٹیو ایجنٹ کو نامزد کریں گے۔رکن کانگریس تھامس میسی کا کہنا ہے کہ فوجی ٹیکنالوجی اور سپلائی چین اسرائیل سے ضم نہیں ہونی چاہیے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے ساتھ بڑھتے تنازع کے لیے کانگریس سے تقریباً 87ارب ڈالر فنڈز کی درخواست کی تھی۔امریکی وزیرجنگ پیٹ ہیگسیتھ سینیٹ فنڈز مختص کر نے والی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے جس میں انہوں بتایا کہ ایران کے ساتھ جنگ پر اب تک 37.5ارب ڈالر لاگت آ چکی ہے ، رقم میں 30ستمبر تک کے متوقع اخراجات بھی شامل ہیں۔امریکی وزیرجنگ نے کہا کہ یہ وقت امریکی فوجیوں پر سرمایہ کاری کا ہے نہ کہ دفاعی اخراجات کم کرنیکا، فنڈنگ نہ دی گئی تو یہ ملک کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہوگا، پینٹاگون کو عالمی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل بجٹ درکار ہے۔




