واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف ایسے بڑے فوجی حملے کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے جن کی شدت دوسری جنگِ عظیم کے بعد کم ہی دیکھی گئی ہو۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹ ہیگسیتھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج ہر ممکن کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پینٹاگون کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہے اور امریکی افواج کو مکمل جنگی تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے۔امریکی وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی فوج مکمل طور پر تیار اور فوری کارروائی کے لیے موجود ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دعوی کیا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکا ایران کے خلاف ایسے حملے کر سکتا ہے جن کی شدت دوسری جنگِ عظیم کے بعد مثال بن جائے۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے بیانات خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتے ہیں، جبکہ عالمی برادری مسلسل سفارتی حل اور تحمل پر زور دے رہی ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ صورتحال میں دونوں ممالک کے بیانات نہ صرف مشرق وسطی بلکہ عالمی سلامتی، توانائی کی منڈیوں اور بین الاقوامی سیاست پر بھی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔دریں ثناء ۔تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے قائم مقام وزیر دفاع ماجد ابن رضا نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے دفاع کیلئے مکمل تیاری موجود ہے۔ایک بیان میں قائم مقام ایرانی وزیر دفاع نے کہا کہ ایران ہر خطرے کو حقیقی سمجھتا ہے، ہر ممکن خطرے کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ماجد ابن رضا کا مزید کہنا تھا کہ ایران نہ حیران ہے اور نہ ہی غیر فعال ہے، ایران اپنی عسکری صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔




