واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سروے شیئر کیا ہے جس کے مطابق امریکی عوام کی اکثریت ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے اور مفاہمتی معاہدے کی حمایت کرتی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر گزشتہ ماہ کا ایک سروے شیئر کیاجس کے مطابق امریکی ووٹرز کی اکثریت ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کی حمایت کرتی ہے۔سروے میں امریکا کے 60 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز نے معاہدے کی حمایت اور 23 فیصد نے مخالفت کی جبکہ 15 فیصد نے کسی رائے کا اظہار نہیں کیا۔امریکا کے ممکنہ ووٹرز نے بھی سروے میں حصہ لیا جن میں سے 62 فیصد نے امن معاہدے کی حمایت اور 24 فیصد نے مخالفت کی جبکہ 13 فیصد نے کسی رائے کا اظہار نہیں کیا۔سروے میں پوچھا گیا تھا کہ آپ ایران سے جنگ کے خاتمے کے لیے امن معاہدے کی حمایت کرتے ہیں یا مخالفت؟ تفصیلات میں لکھا گیا کہ ایران سے جنگ کے خاتمے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ نے امن معاہدہ کیا۔تفصیل میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے دستخطوں سے طے پائی مفاہمتی یادداشت کے تحت آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی، ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں اور ایرانی ایٹمی پروگرام پر مزید بات چیت کے لیے دو ماہ کا وقت طے کیا گیا ہے جبکہ یہ بھی طے پایا ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار تیار یا حاصل نہیں کرے گا۔




