امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کی مستحق افراد میں مفت رکشے،موٹر سائیکلیں فراہم

کراچی(بیوروچیف) امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان نے روزگار اسکیم کے تین مراحل میں 263مستحق افراد کو مفت رکشے اور موٹر سائیکلیں فراہم کردیں، جسکا مقصد ضرورت مند خاندانوں کو مستقل اور باعزت ذریعہ معاش فراہم کرکے معاشی طور پر خودکفیل بنانا ہے۔ادارے کے انکم جنریشن پروگرام 2026کے تحت پہلے مرحلے میں100، دوسرے مرحلے میں 75اور تیسرے مرحلے میں 88مستحق افراد کو روزگار کے لیے رکشے اور موٹر سائیکلیں دی گئیں۔ تینوں مراحل میں مجموعی طور پر 139رکشے اور 124موٹر سائیکلیں مفت تقسیم کی گئیں۔اس سلسلے میں تیسرے مرحلے کی تقریب کراچی کے علاقے کلفٹن میں منعقد ہوئی، جہاں 88 مستحق افراد میں 44 رکشے اور 44 موٹر سائیکلیں تقسیم کی گئیں۔ مستحقین کا انتخاب شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا، جبکہ تقریب میں انہیں رکشوں اور موٹر سائیکلوں کی چابیاں حوالے کی گئیں۔امہ ویلفیئر ٹرسٹ کے وائس چیئرمین حاجی عبدالرزاق بیلی نے کہا کہ اسکیم کا بنیادی مقصد ضرورت مند خاندانوں کو وقتی امداد دینے کے بجائے مستقل اور باعزت روزگار فراہم کرنا ہے۔، تاکہ وہ اپنی محنت سے آمدن کما کر گھریلو اخراجات پورے کرسکیں۔تقریب میں حاجی بلال بگٹی، طارق منگرانی، ارشاد بخاری، خالد اعوان سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، ایسے حالات میں مستحق افراد کو معاشی طور پر خودکفیل بنانے کے لیے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ادارے کے مطابق امہ روزگار اسکیم کا مقصد مستحق خاندانوں کو روزگار کے وسائل فراہم کرکے انہیں دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کے قابل بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں