ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف ندیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دوسرے دن ضلع بھر میں ایک لاکھ 39 ہزار 870 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے، جبکہ دو دنوں میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 87 ہزار 462 بچوں کو کور کیا جا چکا ہے، جو ہدف کا 66 فیصد ہے۔اجلاس میں موبائل، فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رہ جانے والے بچوں تک فوری رسائی یقینی بنائی جائے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے تک پولیو کے قطرے پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔




