لاہور (بیوروچیف) انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026کے لیے ڈیٹ شیٹ جاری کر دی گئی ہے۔ جس کے مطابق بارہویں جماعت کے امتحانات20مئی جبکہ گیارہویں جماعت کے امتحانات 16جون سے شروع ہوں گے۔ ڈیٹ شیٹ کے مطابق گیارہویں اور بارہویں جماعت کے پہلے پرچوں میں سائیکالوجی، ہوم اکنامکس اور اپلائیڈ سائنسز شامل ہوں گے۔ امتحانی شیڈول کے تحت طلبہ مختلف مضامین کے امتحانات مرحلہ وار دیں گے۔امتحانی شیڈول میں عیدالاضحی کی تعطیلات بھی شامل کی گئی ہیں، جس کے مطابق 26مئی سے 31مئی تک امتحانات نہیں ہوں گے اور ان دنوں میں عید کی چھٹیاں ہوں گی۔بارہویں جماعت (انٹر پارٹ ٹو) کا آخری پرچہ 12 جون کو مطالعہ پاکستان کا لیا جائے گا، جبکہ گیارہویں جماعت (انٹر پارٹ ون) کا آخری پرچہ 8 جولائی کو کمپیوٹر سائنس کا ہوگا۔بورڈ حکام کے مطابق تحریری امتحانات کے بعد پریکٹیکل امتحانات کا سلسلہ 10جولائی سے شروع ہو کر 18 اگست تک جاری رہے گا۔امتحانی بورڈز نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں اور اوقات کے مطابق امتحانی مراکز میں پہنچیں اور رول نمبر سلپس سمیت تمام ضروری دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں۔




