سرگودھا(بیوروچیف)خیام چوک اوور ہیڈ برج کی مرمت، بحالی اور تزئین و آرائش کا منصوبہ ایک ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل کر لیا گیا ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں ڈاکٹر لیاقت علی خان اور عبدالرزاق ڈھلوں نے دیگر شخصیات کے ہمراہ منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان نے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 0.80 کلومیٹر طویل اوور ہیڈ برج کی بحالی کے لیے کارپٹنگ، لین مارکنگ، کیٹ آئیز کی تنصیب، ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی، ریلنگ کی مرمت و رنگ و روغن اور ویدر شیلڈ سمیت مختلف تعمیراتی و مرمتی کام مکمل کیے گئے ہیں۔منصوبے کے تحت خیام چوک کی تزئین و آرائش کے علاوہ پل کے نیچے واقع سروس روڈز پر روشنی کے مناسب انتظامات کے لیے 76 لائٹس بھی نصب کی گئی ہیں۔ اسی طرح فلائی اوور پر ہارٹیکچر اور سولر لائٹس کا کام بھی کیا گیا ہے۔ مزید برآں، ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کی جانب پل کے اختتام سے تقریباً 7 سو فٹ آگے تک سڑک کی مرمت و بحالی کا کام بھی مکمل کیا گیا ہے۔ ایکسین ہائی ویز نے مزید بتایا کہ پرانے ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی اور نئے جوائنٹس کی تنصیب منصوبے کا تکنیکی اعتبار سے اہم اور مشکل مرحلہ تھا، جسے کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے پر مجموعی طور پر 8 کروڑ 89 لاکھ 81 ہزار روپے لاگت آئی ہے۔ مرمتی کام کا آغاز 19 ستمبر کو کیا گیا تھا اور مقررہ کام ایک ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل کر لیا گیا۔ خیام چوک اوور ہیڈ برج کی بحالی سے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ سڑک کی نئی کارپٹنگ، لین مارکنگ، روشنی کے انتظامات اور دیگر مرمتی اقدامات سے ٹریفک کی روانی اور سفری سہولت میں بہتری آئے گی۔




