”اپنا کھیت اپنا روزگار”پروگرام کے تحت354کسانوں میں پے آرڈر ز تقسیم

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست اقدامات کے تحت ضلع فیصل آباد میں چوتھے مرحلہ میں مزید 80 گرین ٹریکٹرز اور “اپنا کھیت اپنا روزگار “پروگرام کے تحت 354 منتخب کسانوں میں پے آرڈرز تقسیم کردیئے گئے۔ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں گرین ٹریکٹر اور اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم کے تحت گرین ٹریکٹرز کی چابیاں اور پے آرڈرز کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔سینیٹر و مشیر وزیراعظم پاکستان رانا ثنا اللہ خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔رہنما مسلم لیگ ن میاں قاسم فاروق، اجمل آصف اور ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شرینہ جنجوعہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل شہزاد،ڈویژنل ڈائریکٹر خالد محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ محمد عدیل، محکمہ زراعت کے افسران اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔مشیر وزیراعظم پاکستان سینیٹررانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ کسانوں کو زرعی سہولیات کی فراہمی اور انہیں معاشی طور پر مستحکم بنانا حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ “گرین ٹریکٹرز” اور “اپنا کھیت اپنا روزگار” حاصل کرنے والے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔گرین ٹریکٹر اور اپنا کھیت اپنا روزگار سکیمیں کاشتکاروں کو خودمختار بنانے اور زرعی شعبے کو ترقی دینے میں اہم کردار ادا کریں گی۔انہوں نے کہا کہ سکیموں سے مستفید ہونے والے کاشتکاروں کو کسی بھی مسئلے یا دشواری کی صورت میں متعلقہ دفاتر سے رجوع کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی تمام سکیموں میں میرٹ اور شفافیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خطے میں امن کے قیام اور جنگ بندی کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہے ہیں۔وفاقی،صوبائی اور ضلعی حکومتوں کا بنیادی مقصد عوامی نمائندوں کے ذریعے شہریوں کے مسائل سننا اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔مسلم لیگی رہنمائوں نے کہا کہ گرین ٹریکٹر اور زرعی رقبے کی الاٹمنٹ سے کاشتکاروں کو معاشی استحکام ملے گا اور زرعی پیداوار میں اضافے کی راہ ہموار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ضلع فیصل آباد کے ان تمام خوش نصیب کاشتکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہیں گرین ٹریکٹرز اور زرعی رقبے کی سہولت میسر آئی ہے،حکومت پنجاب کی جانب سے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز اور زرعی رقبے کی الاٹمنٹ کا تمام عمل سو فیصد میرٹ اور آن لائن درخواستوں کے ذریعے مکمل کیا گیا ہے۔حکومتی سکیموں میں شفاف طریقہ کار اپنانے کا مقصد صرف مستحق اور حقدار کاشتکاروں تک سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا بڑا انحصار زراعت پر ہے، زرعی شعبے کی ترقی کے بغیر ملک کی معاشی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز اور زرعی زمین حاصل کرنے والے کاشتکار ان سہولیات سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے زمینیں آباد کریں اور بہترین زرعی پیداوار حاصل کریں،کاشتکاروں کی محنت اور بہتر زرعی پیداوار ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔گرین ٹریکٹر اور اپنا کھیت اپنا روزگار سکیموں کے لیے توقع سے کہیں زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں،موجودہ مرحلے میں کامیاب نہ ہونے والے درخواست گزار آئندہ مراحل میں دوبارہ درخواست دے سکتے ہیں، حکومت پنجاب کی کسان دوست سکیموں کا مقصد زرعی شعبے کو مضبوط بنانا اور مستحق افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں