ایران کا بڑا حملہ،امریکی طیاروں کو بلیسٹک میزائلوں سے نشانہ بنا ڈالا

واشنگٹن، تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) کی جانب سے مسلسل نویں روز ایران پر حملوں کے دعوے کے ساتھ ہی ایران کے مختلف علاقوں بشمول تبریز، صوبہ ہرمزگان کے شہر سیریک، چابہار اور بوشہر میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے تبریز سے خبر دی ہے کہ شہر کے مغربی حصے کی جانب سے تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، تبریز سے ہولناک آتش زدگی کے مناظر کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے اب تک اس واقعے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔غیر سرکاری ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ تبریز میں میزائل اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، ان اڈوں کو اس سے پہلے ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کے گزشتہ مرحلے میں بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔دوسری جانب سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے مقامی حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ چابہار اور کنارک میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کو ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ صوبہ بوشہر کے شہر خورموج میں پاسدارانِ انقلاب کے ایک اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔بعدازاں سینٹکام نے بتایا کہ امریکی فوج نے ایران کے خلاف مسلسل نویں رات حملے مکمل کرلیے جس میں میزائل و ڈرون لانچ سائٹس کونشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا ہے۔سینٹکام کے مطابق امریکی فورسز نے ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، فضائی دفاع اور ساحلی نگرانی کے مقامات، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس اور مواصلاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا۔بیان میں کہا گیا کہ ان حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں پر حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔امریکی فوج کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر ایران کو جواب دہ ٹھہرا رہی ہے۔ سینٹکام کی فورسز بدستور انتہائی چوکس، اپنے مشن پر مرکوز، مہلک کارروائی کے لیے تیار اور مکمل طور پر مستعد ہیں۔دریں ثناء ۔تہران /واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے کہا ہے کہ اردن کے عقبہ ایئر پورٹ پر موجود امریکی فوج کے C-17 ٹرانسپورٹ طیاروں اور P-8 نگرانی طیاروں کو بیلسٹک میزائل حملوں کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد طیاروں کو شدید نقصان پہنچا۔ایرانی نشریاتی ادارے کے مطابق آئی آر جی سی نے کہا ہے کہ اردن کے موفق السلطی (الازرق) ایئر بیس پر امریکی افواج کے زیرِ استعمال 20 ہینگرز تباہ کر دیے گئے ہیں۔دوسری جانب پاسداران انقلاب نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ اس نے کویت کے علی السالم ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا ہے۔الجزیرہ کے مطابق ڈرون حملے میں ایک ابتدائی انتباہی ریڈار نظام تباہ ہو گیا، جبکہ علیحدہ حملوں میں فضائی ساز و سامان کے گودام اور MQ-9 ڈرونز کے ہینگر کو نشانہ بنایا گیا، جس سے کئی طیاروں میں آگ لگ گئی۔ادھر ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی آر جی سی نے کہا ہے کہ گزشتہ رات آبنائے ہرمز میں 2 آئل ٹینکر دھماکوں کے باعث رک گئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جہاز امریکی دبا کے تحت اس اہم بحری گزرگاہ سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ آئی آر جی سی نے خبردار کیا ہے کہ جب تک خطے میں امریکی فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی، آبنائے ہرمز تیل، گیس یا دیگر تجارتی سامان کی محفوظ ترسیل کے لیے غیر محفوظ رہے گی۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے مغربی صوبے کرمانشاہ کے شہر اسلام آبادِ غرب کے قریب ایک MQ-9 ڈرون کو مار گرایا گیا۔رپورٹ کے مطابق ڈرون کو آئی آر جی سی کی ایرو اسپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کی مدد سے نشانہ بنایا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں