اسلام آباد (بیوروچیف) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ڈسپلنری نظام میں شفافیت اور مانیٹرنگ مزید موثر بنانیکا فیصلہ کرتے ہوئے کسٹمز افسران کے خلاف کارروائیوں کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے گریڈ 1 سے 15 تک کے افسران کے خلاف ڈسپلنری کیسز کا ریکارڈ مانگتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سال 2026 کے دوران نمٹائے گئے کیسز کی مکمل رپورٹ بھی جمع کروائی جائے۔ اس کے علاوہ یکم جنوری سے 31 مارچ تک کے تمام کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔فیلڈ فارمیشنز کو کیسز کی کیٹیگری وائز مکمل تفصیل جمع کروانے کا کہا گیا ہے، جس میں معطل افسران، برطرفی، جبری ریٹائرمنٹ اور دیگر سزاں کا ڈیٹا بھی شامل ہوگا۔ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ معمولی اور بڑی سزاں سمیت تمام فیصلوں کی تفصیلات رپورٹ میں شامل کی جائیں، جبکہ اوپننگ بیلنس، نئے کیسز اور مجموعی کیسز کا مکمل ریکارڈ بھی فراہم کرنا لازمی ہوگا۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد احتساب کے عمل کو مزید شفاف بنانا اور ادارے میں نظم و ضبط کو مضبوط کرنا ہے۔




