ایف ڈی اے سٹی میں ڈویژنل ماڈل کالج کے سب کیمپس کا تعمیراتی کام تیز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق معاشر ے میں صحت مند سرگرمیوں اور معیاری تفریحی سہولیا ت کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں اسی سلسلے میں کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے ایف ڈی اے سٹی میں قائم سپورٹس کمپلیکس کا تفصیلی دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری ان کے ہمراہ تھے جبکہ ڈائر یکٹر ڈو یلپمنٹ آصف چوہان، چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب، ڈائریکٹراسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود، منیجر سپورٹس کمپلیکس رضوانہ کمال اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر فیصل آباد نے سپورٹس کمپلیکس میں جمنیزیم، بیڈمنٹن کورٹ،سوئمنگ پولز،ٹیبل ٹینس، لان ٹینس، باسکٹ بال، سکواش اور پیڈل ٹینس کورٹس سمیت مختلف انڈور کھیلوں کی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے عالمی معیار کی سہولیات، بہترین نظم و نسق اور شاندار ماحول کو سراہتے ہوئے سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کو ایک مثالی منصوبہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لئے ایسے منصوبے نہایت اہم ہیں اور شہر کے اس حصے میں شاندار کمیونٹی کلب کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مجوزہ ماسٹر پلاننگ کے مطابق مزید ترقیاتی اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے ممبران کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کھیلوں اور تفریح کے ان منصوبوں کی بہتری اور توسیع پر مسلسل توجہ مرکوز رکھی جائے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس کے اس منصوبے کی تکمیل ایف ڈی اے کے لئے اعزاز کی بات ہے جسے سابق کمشنر سلوت سعید کے تعاون اور خصوصی دلچسپی کی بدولت حکومت پنجاب سے فنڈز حاصل کر کے مکمل کیا گیا جس کے بعد عوام کی بھرپور پذیرائی کے باعث ممبرشپ میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سپورٹس کمپلیکس کی توسیع وترقی کے لئے ماسٹر پلاننگ بھی کی گئی ہے جس میں کئی دیگر کھیلوں سمیت انٹرٹینمنٹ کے منصوبوں میں اضافہ کی سکیمیں تجویز کی گئی ہیں۔ بعد ازاں کمشنر فیصل آباد نے ایف ڈی اے سٹی میں ڈویژنل ماڈل کالج کے سب کیمپس کی زیر تعمیر عمارت کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرنے، منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور اعلی تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، پرنسپل ڈویژنل ماڈل کالج مرزا یاسین اور دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ چیف انجینئر ایف ڈی اے نے منصوبے کی تعمیراتی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں