فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے کے مختلف شعبوں کی مجموعی کارکردگی کاجائزہ لیا انہوں نے اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کو دوران سروس ڈیلیوری کے معیار میں مزید اضافہ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینیئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز اسما محسن، جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں، عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر/ انچارج ون ونڈو کائونٹر عبداللہ نور, ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری, پی ایس او شبیر ساجد گجر و دیگر افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شعبہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی کے لیے جدید اصلاحات کو مکمل طور پر نافذالعمل کریں تاکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فوائد کماحقہ لوگوں تک پہنچائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ون ونڈو کائونٹر پر وصول ہونے والی درخواستوں کو ٹائم لائن کے مطابق نمٹانے میں کوئی کسر باقی رہی نہیں رہنی چاہیے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے سرکاری واجبات کی وصولی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ مقررہ اہداف کے حصول کے لئے فیلڈ سٹاف کو متحرک رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ دیرینہ نادھندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ سو فیصد ریکوری ممکن ہو سکے۔ انہوں نے غیر قانونی کمرشلائزیشن پر کڑی نظر رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کے دائرہ اختیار کے علاقہ میں غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کی سختی سے حوصلہ شکنی کریں اور خبردار کیا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیم سے متعلق شکایت کی صورت میں متعلقہ علاقے کا انسپیکٹر جواب دہ ہوگا۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کو بامقصد انداز میں جاری رکھنے کی تلقین کی اور کہا کہ منظم ٹائون پلاننگ کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونی چاہیے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے تمام شعبوں کے انچارج افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ماتحت سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور کام چور سٹاف کی سختی سے باز پرس کی جائے۔




