فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سمندری کے علاقہ 470 گ ب ٹوٹیاں والا کے قریب تیز رفتار دو موٹرسائیکلیں ٹکرانے سے ایک نوجوان جاں بحق’ ماں بچوں سمیت 5افراد زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سمندری کا رہائشی 35سالہ ابوبکر اپنی بھتیجی 15سالہ عائشہ دختر شفقت کے ہمراہ ایک موٹرسائیکل جبکہ عمران اپنی اہلیہ عمرانہ اور بچوں 7 سالہ عالیان’ 4سالہ ایمان کے ہمراہ دوسری موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کہ جب وہ 470 گ ب کے قریب پہنچے تو تیز رفتاری کے باعث ایک دوسرے سے ٹکرانے سے بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو 35سالہ ابوبکر ولد الیاس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔دریں ثنائ۔ فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ایمبولینس کی ٹکر لگنے سے سائیکل سوار جاں بحق، ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آ کر زخمی ہونے والا ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس کا اہلکار ہسپتال میں چل بسا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں، تفصیل کے مطابق تھانہ باہلک ے علاقہ 601گ ب کے قریب تیز رفتار ایمبولینس کی ٹکر لگنے سے سائیکل سوار ادھیڑ عمر شخص لیاقت علی بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، علاوہ ازیں ساندل بار کے علاقہ59ج ب میں تیز رفتار ٹریکٹرٹرالی کی زد میں آ کر ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس کا اہلکار راشد اقبال بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا ، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد نعشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا۔




