فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صفائی ستھرائی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے تحصیل سطح پر دورے،دیہی و شہری علاقوں میں ہاٹ سپاٹ ایریاز کو کلیئر کروایا جا رہا ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے تحصیل چک جھمرہ اور کینال ایکسپریس وے کے دورہ کے موقع پر صفائی انتظاما ت کی چیکنگ کے دوران کیا۔ ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن عطا المحسن بھی انکے ہمراہ تھے۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر چک جھمرہ کی اہم شاہراوں پر مکینیکل واشنگ اور ویکیوم سویپنگ کا شیڈول مرتب کیا جائے۔سڑکوں کے کنارے جمی گرد کو سکریپنگ کے زریعے صاف رکھا جائے۔ علاوہ ازیں خصوصی اقدامات کے تحت نالیوں کی ڈی سلٹنگ اور ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن کو بھی شہریوں کی توقعات کے مطابق مزید بڑھایا جائے۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی نے چک جھمرہ کے بازاروں اور گلیوں کا بھی دورہ کیا، انہوں نے دوکانداروں وشہریوں سے صفائی کے معیار بارے استفسار کیا۔ انہوں نے مانیٹرنگ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ صفائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام سرگرمیوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ شفافیت اور کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔




