فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے شہر کے مختلف مقامات پر پونڈ نگ پوائنٹس کا دورہ کیا اور موسم برسات میں وہاں جمع ہونے والے بارشی پانی کے نکاسی کیلئے جامع اور پائیدار حل نکالنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید شاہ، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ شعیب ضیا، ڈپٹی مینجنگ او اینڈ ایم عثمان ضیا، ڈائریکٹر آپریشنز ایسٹ نعمان نور و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایم ڈی واسانے کوہ نور ایکسپو سینٹر، ڈی گرائونڈ، مین جڑانوالہ روڈ اور سمندری روڈ کے نوٹیفائیڈ پونڈنگ پوائنٹس کا وزٹ کیا اور موسم برسات کی بارشوں کے باعث وہاں جمع ہونے والے پانی کے فوری اخراج کے لئے متعدد تجاویز دیں اور ان پر مون سون سیزن سے قبل مکمل عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تاکید کی کہ ایکسپو سینٹر کوہ نور کے پونڈنگ پوائنٹ سے لائن کو بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لئے پیپلز کالونی جڑانوالہ روڈ مین ڈرینج لائن کے ساتھ لنک کی جائے۔ اسی طرح ڈی گرائونڈ مین جڑانوالہ روڈ کے پونڈنگ پوائنٹس سے نکاسی آب کے لئے وہاں بچھائی جانے والی مین فورس لائن کو مون سون سیزن سے قبل مکمل کیا جائے تاکہ موسم برسات کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔




