فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما’ سابق وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ جوہری ریاستیں اپنے ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کرنے کا ہنر بھی جانتی ہیں اور اس کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔ سلام ہے پاکستانی جوہری قوت کے معماروں کو، اس کے محافظوں کو، اس کا خواب دیکھنے والے سائنس دانوں اور سیاسی رہنمائوں کو سلام’ ملک میں ایٹمی فزکس کے بانی پروفیسر رفیع محمد چوہدری’ ڈاکٹر عبدالسلام، ڈاکٹر عثمانی’ ذوالفقار علی بھٹو’ ڈاکٹر عبدالقدیر خان’ ڈاکٹر ثمر مبارک مند’ غلام اسحاق خان’ میاں نواز شریف’ سائنسی اداروں کی قیادت’ ماہرین’ انجینئرز’ ٹیکنالوجسٹس’ افواج پاکستان اور سب سے بڑھ کر عوام جنہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے لیے قربانیاں دیں۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام روز اول سے محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ بروقت فیصلوں نے دشمنوں سے ان کے مذموم عزائم پر عمل کرنے کی جرأت چھین لی تھی۔ اگر 1998ء میں وزیراعظم شش وپنج میں پڑ جاتے، پس وپیش سے کام لیتے، ترغیبات کی طرف دیکھتے اور ایٹمی تجربات سے پیچھے ہٹ جاتے تو خاکم بدہن آج پاکستان ہرگز ناقابل تسخیر ملک نہ ہوتا۔ ہماری جوہری طاقت درحقیقت رب ذوالجلال کے بعد قوم کے استقلال’ استقامت’ بہادری اور لگن کی داستان ہے۔ اس کے ہر کردار کو تاریخ کا سرخ سلام۔




