لاہور (بیوروچیف) محکمہ ایکسائز پنجاب نے نان رجسٹرڈ اور ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈی جی ایکسائز نے موٹر ٹیکسز کی مد میں رواں مالی سال کے لیے 5 ارب روپے اضافی وصولی کا ٹارگٹ دے دیا۔ترجمان ایکسائز کے مطابق پنجاب بھر میں موٹر ٹیکسز کی مد میں 22 ارب 20 کروڑ روپے کا سالانہ ہدف مقرر کیا گیا تھا تاہم اب ہدف بڑھا کر 27 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ یکم مئی تک 20 فیصد زائد وصولی ہو چکی ہے جبکہ مالی سال کے آخری پندرہ دنوں میں مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ایکسائز حکام نے بتایا کہ نان رجسٹرڈ گاڑیوں کو فوری طور پر بند کرنے اور ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کر کے انہیں سسٹم میں بلاک کر دیا گیا ہے۔لاہور ریجن کو بھی اضافی وصولی کا ہدف دیا گیا ہے۔ مئی تک لاہور ریجن 14 ارب روپے سے زائد وصول کر چکا ہے جبکہ اب اسے مزید 2 ارب روپے اکٹھے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس حوالے سے موٹر ٹیکسز کی وصولی یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔




