فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں ایکسپو سنٹر کے قیام کیلئے فوری طور پر ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری انڈسٹریز، کامرس اور انوسٹمنٹ کی سربراہی میں قائم ہونے والے اس ورکنگ گروپ میں صدر چیمبر کے علاوہ پاکستان ایکسپو سنٹر کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ، فیڈمک کے چیف ، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان فیصل آباد کی ڈائریکٹر شامل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کی کوششوں سے ایکسپو سنٹر کے قیام کی کوششوں کو تیز تر کیا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں سرکاری سطح پر عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں وزیر اعظم کے کو آرڈی نیٹر برائے کامرس رانا احسان افضل خاں کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ گروپ ترجیحی ایریا کے حوالے نوٹیفکیشن کے باضابطہ اجرا اور زمین کی الاٹمنٹ اور اس پر ایکسپو سنٹر کی تعمیر کیلئے حتمی فیصلہ کرے گا۔ رانا احسان افضل نے کہا کہ فیڈمک میں 50ایکڑ پر جدید ایکسپو سنٹر کا قیام پہلے ہی زیر غور ہے۔ رانا احسان افضل خاں ے تمام متعلقین اور سٹیک ہولڈرز کے درمیان میٹنگ پر زور دیا تاکہ ایکسپو سنٹر کے قیام کو جلد یقینی بنایا جا سکے۔ پاکستان ایکسپو سنٹر کمپنی کی مریم خاور نے کہا کہ مالی حالات کے مطابق اس ایکسپو سنٹر کو 50کی بجائے 25 ایکڑ پر بھی تعمیر کیا جا سکتا ہے۔ سیکرٹری انڈسٹریز،کامرس اور انوسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ ایکسپو سنٹر کیلئے ترجیحی بنیادوں پر زمین کی الاٹمنٹ اور ایکسپو سنٹر کی تعمیر پہلے سے ہی زیر غور ہے۔




