”ای فائلنگ آفس آٹو میشن سسٹم” پر عمل کیا جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ادارہ کے دفتری نظام میں جدت کے لئے حکومت پنجاب کے منصوبے ”ای فائلنگ آفس آٹو میشن سسٹم” پر سو فیصد عملدرآمد کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ تمام شعبوں کے افسران و سٹاف اس نظام پر مکمل دسترس حاصل کرکے تیز رفتار سروس ڈیلیوری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے ای فائلنگ آفس آٹو میشن سسٹم پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند کو ہدایات جاری کیں اور کہا کہ دفتری خط وکتابت میں اس سسٹم کے مکمل نفاذ کی پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیں اور کوتاہی کے مرتکب سٹاف کی جواب طلبی کی جائے۔ اس ضمن میں اے ڈی جی کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ہر شعبے کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر آئی ٹی یاسراعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹرٹائون پلاننگ ون افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹرز عبد اللہ نور، راجیل ظفر، افضال انصاری، محسن بشیر، شبیر ساجد گجر ودیگر افسران موجود تھے۔ اے ڈی جی نے ای فائلنگ آفس آٹو میشن سسٹم کے تحت اپ لوڈ کی جانیوالی فائلوں، دستاویزات، رپورٹس اور دیگر ڈیٹا کی تفصیلات کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اس سسٹم کے مکمل نفاذ کے لئے انتہائی سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ ڈاک کے ذریعے خط و کتابت میں ضائع ہونے والے وقت کی بچت کرکے نچلی سطح سے اوپر تک محکمانہ رپورٹس جبکہ محکموں کے مابین کار سپانٹڈنس ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے فوری ارسال کرکے پیپر لیس ورکنگ کے جدید نظام کو کامیابی سے چلایا جاسکے۔انہوں نے بعض شعبوں کی عدم دلچسپی پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس ضمن میں انہیں ہفتہ وار رپورٹ فراہم کی جائے جس میں سکین کی فائلوں، صحفحات، دستاویزات اور دیگر ڈیٹا کی تفصیلات درج کریں۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ نے ای فائلنگ آٹو میشن سسٹم کے بارے میں افسران و سٹاف کو فراہم کی جانیوالی تربیت اور اس پر عملدرآمد کی تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں بتایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں