بارش سے موسم خوشگوار،بجلی کی بندش سے نظام زندگی درہم برہم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں آج صبح باران رحمت خوب جم کر برسی’ موسم خوشگوار’ نشیبی علاقوں سمیت گلی’ محلے پانی کے جوہڑ بن گئے، بجلی کا نظام درہم برہم’ شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی بند’ نظام زندگی مشکل’ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ کی ہدایت پر تمام آپریشنز سٹاف اور مشینری کو متحرک کر دیا گیا، مین شاہراہوں اور مرکزی چوراہوں کو بارشی پانی سے کلیئر کرنے کا عمل شروع۔ تفصیل کے مطابق آج صبح سویرے فیصل آباد میں بھی تیز وموسلادھار بارش کے باعث جل تھل ہو گیا، نشیبی علاقوں سمیت گلی’ محلوں’ مین شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا۔ جسکی وجہ سے آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ بارش کے ساتھ ہی فیسکو کے نااہل عملہ کے باعث درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے، شہر کے اکثر علاقوں کی بجلی بند ہو گئی، بجلی کی بندش کے باعث نظام زندگی بھی بری طرح متاثر ہو گیا۔ بارش کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آج صبح سب سے زیادہ بارش غلام محمد آباد میں 87ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ مدینہ ٹائون میں 72ملی میٹر’ ڈوگر بستی میں 68ملی میٹر’ علامہ اقبال کالونی میں 55ملی میٹر’ گلستان کالونی میں 47ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تیز اور موسلادھار بارش کے باعث موسم خوشگوار’ شدید گرمی سے مرجھائے ہوئے چہرے خوشی سے کھل اُٹھے’ گرمی سے متاثر درختوں اور پودوں کو نئی زندگی مل گئی۔ تاہم تیز بارش کیساتھ ہی ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے آپریشنز سٹاف اور مشینری کو متحرک کر دیا۔ آپریشنز سٹاف پونڈنگ پوائنٹس پر ہائی الرٹ کرتے ہوئے بارشی پانی کی نکاسی کا عمل شروع کر دیا گیا۔ ڈی وائرنگ سیٹس کے ذریعے بھی پونڈنگ پوائنٹس سے بارشی پانی کو نکالا جا رہا ہے۔ ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں مین شاہراہوں اور مرکزی چوراہوں کو بارشی پانی سے کلیئر کیا جائے گا اور دوسرے مرحلہ میں چھوٹی سڑکوں سے بارشی پانی کے اخراج کیلئے مشینری استعمال کرینگے اور شہر بھر میں مکمل نکاسی آب تک آپریشنز سٹاف فیلڈ میں بھرپور رہے گا اور شہری واسا کی ہیلپ لائن (1334) پر اپنی شکایات سے آگاہ کریں۔ واسا کا مستعد عملہ فوری ان کی شکایات کو دور کیا جائے گا۔شہریوں نے کہا کہ بجلی کے نظام کو درست کیا جائے’ مہنگی بجلی دینے کے باوجود فیسکو کا نظام درست نہیں’ معمولی بارش پر بجلی بند کر دی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں