بازار میں کھڑے ہونے پر جھگڑا،خاتون سمیت2افراد قتل،2بھائی لہولہان

جڑانوالہ (نامہ نگار) بازار میں کھڑا ہونے پر دو گروہوں کے مابین فائرنگ کے نتیجہ میں خاتون سمیت دو افراد قتل اور 2بھائی زخمی ہو گئے،وقوعہ تھانہ بلوچنی کی حدود چک نمبر 56 ر-ب میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ تھانہ بلوچنی کے نواحی گائوں چک نمبر 56ر-ب میں بازار میں کھڑا ہونے پر دو گروہوں میں جھگڑا شروع ہوا اور نوبت فائرنگ تک جا پہنچی دونوں گروہوں کے مابین فائرنگ کے نتیجہ میں ایک فریق کے میاں بیوی سمیت 3افراد شمیم بی بی زوجہ اصغر علی،اصغر علی ولد خورشید احمد،شبیر احمد ولد اصغر علی زخمی ہو گئے جنکو طبی امداد کیلئے سانگلہ ہل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں شمیم بی بی جاں بحق ہو گئی جبکہ دوسرے گروپ کا غلام محی الدین زخمی ہو گیا جسکو طبی امداد کیلئے شاہکوٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ اطلاع پر ڈی ایس پی کھرڑیانوالہ اور ایس ایچ او تھانہ بلوچنی عدیل مصطفی نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالہ کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں گروہوں کے مابین بازار میں کھڑا ہونے پر جھگڑا شروع ہوا ہے پولیس نے وقوعہ کے دو الگ الگ مقدمات درج کر لئے۔ غلام محی الدین کے قتل کے الزام میں شہزاد وغیرہ 8 کس اور شمیم بی بی کو قتل’ اسکے شوہر اصغر علی اور بیٹے شبیر کو زخمی کرنے پر زین وغیرہ 8 کس کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں