کمالیہ(نامہ نگار)شہر میں ایک طرف لاک ڈان جیسی پابندیاں شہری زندگی کو متاثر کر رہی ہیں تو دوسری جانب ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کمالیہ کے شہری اور تاجر برادری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مسلسل بجلی کی بندش کے باعث کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور کئی دکانداروں نے کام محدود کرنے پر مجبور ہونے کی شکایت کی ہے ۔ تاجرو ں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی معاشی حالات ناسازگار ہیں ، اوپر سے بار بار کی لوڈشیڈنگ نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے ۔شہریوں نے بھی شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمی کے موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش ناقابل برداشت ہے ، جس سے گھریلو معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے متعلقہ اداروں کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اہل علاقہ نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔




