بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر اظہار تشویش

جڑانوالہ(نامہ نگار)جڑانوالہ شہر میں جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ کئی کئی گھنٹوں کی بجلی بندش نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے ہیں اور تاجر طبقہ شد ید پریشانی کا شکار ہے۔ اس حوالے سے صدر پبلک ایڈ کمیٹی جڑانوالہ رانا سلطان محمود خاں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام سے 14 اقسام کے ٹیکس وصول کرنے کے باوجود بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب عوام پر اتنا بوجھ ڈالا جا رہا ہے تو پھر انہیں ریلیف کیوں نہیں دیا جا رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں، جو کسی بھی طرح “کاروباری لاک ڈان” سے کم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر اور مزدور طبقہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہے اور لوگ اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے پریشان ہیں۔رانا سلطان محمود خاں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں