فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)نے حکومت پاکستان کی کیش لیس اکانومی پالیسی اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات کے مطابق صارفین کی سہولت کیلئے راست RAAST(ریپڈ اکائونٹس بیسڈسیٹلمنٹ سسٹم) کے ذریعے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی نئی سہولت متعارف کرا دی ہے۔ اس سہولت کے تحت فیسکو کے تمام صارفین اب اپنے بجلی کے بل آسانی سے، فوری اور بغیر کسی اضافی چارج کے ادا کر سکتے ہیں۔فیسکو ترجمان محمد سعید رضاکے مطابق اس سہولت کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینا اور صارفین کو جدید اور محفوظ طریقہ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بینکوں یا دیگر مقامات پر جانے کی بجائے اپنی موبائل بینکنگ ایپ کے ذریعے بل ادا کریں۔انھوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت صارفین اپنے بینک کی موبائل ایپ میں موجود RAAST پیمنٹ آپشن منتخب کرکے اپنے بجلی کے بل پر موجود QR کوڈ(کوئیک رسپونس کوڈ) اسکین کر کے فوری طور پر ادائیگی کریں۔ اس طریقہ کار میں کسی قسم کے اضافی یا سروس چارجز عائد نہیں ہوں گے۔فیسکو حکام کے مطابق RAAST کے ذریعے کی جانے والی ادائیگی فوری طور پر فیسکو کے سسٹم میں اپ ڈیٹ ہو جائے گی جس کے بعد تمام متعلقہ افسران ادائیگی کی تصدیق آن لائن دیکھ سکیں گے۔ اس اقدام سے ادائیگیوں کے عمل میں شفافیت،تیزی اور صارفین بجلی کی سہولت میں اضافہ ہوگا۔انھوں نے مزید کہا کہ وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ RAAST پلیٹ فارم کے ذریعے P2G(پرسن ٹو گورنمنٹ)، G2P (گورنمنٹ ٹو پرسن) اور G2G (گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ) ادائیگیوں کے نظام کو مرحلہ وار نافذ کریں۔ اسی سلسلے میں فیسکو نے صارفین کے لئے بجلی کے بلوں، ڈیمانڈ نوٹسز، ڈیٹیکشن بلز اور دیگر ادائیگیوں کے لئے QR کوڈ اور RAAST کے ذریعے ادائیگی کا نظام متعارف کرایا ہے۔فیسکو انتظامیہ نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس جدید اور محفوظ ڈیجیٹل سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور RAAST کے ذریعے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کو ترجیح دیں ادائیگیوں کا نظام مزید موثر اور تیز رفتار بنایا جا سکے۔فیسکو کے تمام متعلقہ افسران کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اس نظام کے بارے میں عوام کو آگاہی فراہم کریں اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لئے بھرپور کردار ادا کریں۔




