منامہ (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ کے دورہ بحرین کے دوران دونوں ملکوں میں انسداد دہشت گردی و انسانی اسمگلنگ پر مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر اتفاق کیا گیا۔محسن نقوی ایک روزہ دورے پربحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے،جہاں ان کا بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ بحرین کے وزیر داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلفیہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کا شاندار خیرمقدم کیا۔بعد ازاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے بحرینی وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹر منامہ فورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ منامہ فورٹ میں دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ سکیور ٹی تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و عالمی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کیخلاف اشتراک کار کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی اور ان کے بحرینی ہم منصب نے مشترکہ سکیورٹی کمیٹی کے کام کو مزید مثر بنانے کے امکانات پر بھی بات کی۔




