بحری راستوں میں رکاوٹوں کے باوجود چاول کی برآمدات میں نمایاں اضافہ

کراچی(بیوروچیف)دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2026کے دوران پاکستان نے4لاکھ20ہزار ٹن چاول عالمی منڈیوں میں برآمد کیے، جبکہ دنیا کے تیسرے بڑے چاول برآمد کنندہ ملک ویتنام کی برآمدات 3لاکھ37 ہزار ٹن رہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی اور خلیجی خطے میں بحری نقل و حمل کو درپیش رکاوٹوں کے باوجود عالمی منڈی میں پاکستانی چاول، خصوصا باسمتی چاول کی طلب برقرار رہی، جس کے نتیجے میں ملکی برآمدات میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی، یعنی جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران پاکستان کی چاول برآمدات کے مجموعی حجم میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسی عرصے میں چاول کی برآمدات سے حاصل ہونے والے زرمبادلہ میں بھی 37 فیصد اضافہ ہوا، جو پاکستانی چاول کی عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔ماہرین کے مطابق چاول کی برآمدات میں یہ اضافہ پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے، تاہم عالمی منڈی میں مسابقت برقرار رکھنے کے لیے معیار، پیداواری لاگت اور برآمدی ترسیل کے نظام کو مزید بہتر بنانا ضروری ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں