برآمدات بڑھا کر ہی ترقی کا ہدف حاصل ہو سکتا ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)برآمدات بڑھا کے ہی پائیدار معاشی ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے اور اس مقصد کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور سٹیٹ بینک کے درمیا ن موجودہ روابط کو مزید بہتر بنانے کیلئے لائزن یا کو آرڈی نیشن آفیسرز مقرر کئے جائیں گے ۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان فیصل آباد کی چیف مینیجر محترمہ فوزیہ اسلم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر چیمبر نے سپیشل انوسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل کی حالیہ میٹنگ میں اپنی شرکت کے حوالے سے بتایا کہ معاشی استحکام کیلئے حکومت اور حکومتی ادارے انتہائی سنجیدہ ہیں لیکن اس کے باوجود مسائل کا حل نہ ہونا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فیصل آباد چیمبر کے پلیٹ فارم سے تمام برآمدی تنظیموں کا اجلاس طلب کریں گے تاکہ برآمدات کی راہ میں حائل عملی مشکلات کی نشاندہی کر کے اُن کے حل کیلئے قابل عمل سفارشات اور تجاویز پیش کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی ترسیلات زر جیسے قلیل المدتی اقدامات سے معیشت کبھی مستحکم نہیں ہو سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل چیزیں بہتر ہو رہی تھیں مگر اب نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کار نہیںآرہے بلکہ بہت سی غیر ملکی کمپنیاں بھی واپس چلی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات بڑھیں گی تو تجارتی خسارہ کم ہو گا اور ملک میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر حکومت سے مل کر حالات کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کرے گا ۔ انہوں نے چیف مینیجر کو باضابطہ بزنس کمیونٹی کے اجلاس میں شرکت کی بھی دعوت دی تاکہ اِن مسائل پر کھل کے بات چیت ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں