بزنس کمیونٹی اور جامعہ زرعیہ میں خصوصی تقریب دسمبر میں ہوگی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)بزنس کمیونٹی اور جامعہ زرعیہ کے درمیان براہ راست رابطوں کیلئے اس سال دسمبر کے وسط میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی تاکہ سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو اس مادر علمی میں تیار ہونیوالی نئی ایجادات، اخترا عات اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی ترغیب دی جا سکے۔ یہ بات جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے دوران صدر فاروق یوسف شیخ سے تعارفی ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے فاروق یوسف شیخ کو چیمبر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ملکی ترقی کیلئے انڈسٹری اکیڈیمیا کے درمیان رابطوں کو مستحکم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کی لیبارٹریز میں ہونے والی تحقیق کے عملی اطلاق سے ہی اُس کی افادیت کا تعین کیا جا سکتا ہے اور یہ ذمہ داری صنعتکاروں کی ہے جو جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کو استعمال کر کے ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ اس کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے صدر چیمبر کی اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ دونوں ادارے غیر ملکی مہمانوں اور اعلیٰ سطحی وفود کی آمد پر ایک دوسرے کو مدعو کریں گے تاکہ اِن ملاقاتوں کو مزید نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔ صدر فاروق یوسف شیخ نے وائس چانسلر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کا بنیادی مقصد ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ صدر چیمبر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہے جبکہ حکومت بھی اس سلسلہ میں ہر ممکن سہولتیں دے رہی ہے مگر اِس کے باوجود برآمدات میں تنزلی کی وجہ حقیقی سٹیک ہولڈرز میں رابطوں کا فقدان ، مارکیٹ کا مکمل ادراک نہ ہونا اور نوجوان نسل کی فکر میں قومی اوراجتماعی مفادات کو نظر انداز کرنا اور افرادی قوت میں عصر حاضر کی جدید مہارتوں کی کمی شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں