فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر قیصر شمس گچھا نے نئے چیف ٹریفک آفیسر رانا ناصر جاوید سے ملاقات کی اور اُن سے ٹریفک مسائل کو حل کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک سٹاف کو پوری تندہی، محنت اور خلوص سے ٹریفک کو رواں رکھنے کی کوشش کرنا ہو گی اور اس سلسلہ میں اُن کی طرف سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ قیصر شمس گچھا نے بتایا کہ بزنس کمیونٹی اور ٹریفک پولیس کے درمیان بہترین روابط ہیں ۔ فیصل آباد چیمبر میں پولیس کی طرف سے لرنر لائسنسوں کے علاوہ دیگر سہولتیں بھی مہیا کی جا رہی ہیں جبکہ مستقل ڈرائیونگ پرمٹس کے اجرا کے علاوہ چیمبر سے ملحقہ جگہ پر ڈرائیونگ ٹیسٹ لینے کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سی ٹی او کو چیمبر کی بیسمنٹ میں ٹریفک پولیس کیلئے نئے کیبن بنانے اور ان میں جدید سہولتوں کی فراہمی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کی سڑکوں پر پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک میں روکاوٹ پیدا ہوتی ہے اس لئے انہیں پارکنگ اور پک اینڈ ڈراپ کی سہولت اپنی چاردیواری کے اندر ہی مہیا کرنے کا پابند بنایا جائے۔ انہوں نے رانا ناصر جاوید کو عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد دی اور انہیں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔




