بغیر رجسٹریشن متعدد نجی سکولز کو3لاکھ روپے جرمانہ

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) بغیر رجسٹریشن سکول چلانے پر متعدد سکولز کو3لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد رائو عبدالکریم کی جانب سے بغیر کسی قابلِ قبول رجسٹریشن /ای لائسنس کے تعلیمی ادارے چلانے پر سکولز انتظامیہ کو پہلے شوکاز نوٹس پر کم ذاتی شنوائی کے موقع بھی فراہم کئے گئے، انتظامیہ کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب اور ذاتی شنوائی کے دوران پیش کیا گیا موقف ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی (DRA)کے سامنے رکھا گیا۔ڈی آر اے کے 17 اگست 2026 کو ہونے والے اجلاس میں سکول کا ریکارڈ، انتظامیہ کا جواب اور متعلقہ حقائق کا جائزہ لینے کے بعد انتظامیہ کی وضاحت کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا اور قانون کے مطابق جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔جاری حکم کے مطابق پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز آرڈیننس کے تحت سکول انتظامیہ پر 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر چالان فارم 32-A کے ذریعے جرمانہ متعلقہ سرکاری اکائونٹ میں جمع کروائے۔ رائو عبدالکریم کا مزید کہنا ہے کہ جرمانے کی ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں مذکورہ تعلیمی اداروں کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مزید کارروائی کی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں