بلدیاتی انتخابات قریب ہیں’عظمیٰ بخاری

لاہور (بیوروچیف) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران اپوزیشن کے الزامات کا مدلل جواب دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایوان میں جمہوری آوازوں کو دبایا گیا، لیکن آج مریم نواز کی قیادت میں ہر رکن کو اظہارِ رائے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں عوامی فلاح کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ امن و امان کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اور پنجاب پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کر کے دہشتگردی کے خلاف مثر فورس بنایا گیا ہے۔ آج صوبے بھر میں، حتی کہ کچے کے علاقوں تک، پولیس چوکیاں قائم کی جا چکی ہیں۔تعلیم کے شعبے کے لیے 811 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت اسکولوں کی اپ گریڈیشن، جدید آئی ٹی لیبز، نیا فرنیچر، اور گوگل سرٹیفکیٹس سمیت لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ کی فراہمی شامل ہے۔ شہباز شریف کی شروع کردہ لیپ ٹاپ اسکیم پر جھوٹا کیس بنایا گیا، لیکن آج اس کے مثبت نتائج عوام کے سامنے ہیں۔صحت کے شعبے میں 630 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ، مفت ادویات، صحت کلینکس کی بہتری، اور ینگ ڈاکٹرز کی خدمات سے عوام کو یونین کونسل کی سطح پر سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ کینسر، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی جیسے امراض کی مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔عظمی بخاری نے اپوزیشن کو یاد دلایا کہ بلدیاتی انتخابات کے بارے میں سوال وہ کر رہے ہیں جنہوں نے ماضی میں نمائندوں پر شب خون مارا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات کا عمل شروع ہو چکا ہے۔اپوزیشن لیڈر کے اس الزام پر کہ حکومت نے کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں دیا، انہوں نے کہا کہ “لنگر خانے، کٹے اور وچھے” ترقی نہیں ہوتے۔ کینسر ہسپتال، کارڈیالوجی ہسپتال، ستھرا پنجاب کلینکس، اور کلینک آن ویلز جیسے انقلابی منصوبے اپوزیشن کو نظر نہیں آتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں