فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کی 199ویں بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کی زیرصدارت تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے کانفرنس روم میں منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ سمیت دیگر بورڈ ممبران نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس کا باضابطہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت ممبر بورڈ سید ریاض حسین شاہ نے حاصل کی اس موقع پر بورڈ ممبران نے چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کو بطور چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد میں خوش آمدید کہا اور ان کی تقرری پر انہیں مبارکباد دی جس پر چیئرمین بورڈ نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشا اللہ تعالیٰ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے ویژن کے مطابق آپ لوگوں کے تعاون سے طلبا وطالبات سمیت بورڈ سے متعلقہ دیگر تمام احباب کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے بورڈ کے تمام شعبوں کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لیجایا جائے گا تاکہ لوگوں کو آن لائن کی تمام سہولیات ان کے گھرکی دہلیز پر میسر آ سکیں بعد ایجنڈا پر باضابطہ کارروائی کا آغاز ہوا سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے گورننگ باڈی کو جاری ایجنڈا کے انڈکس کے مطابق باری باری تمام نکات پیش کرتے ہوئے تفصیلی بریفنگ دی جس پر تمام ممبران نے سیر حاصل بحث ومباحثہ کے بعد ایجنڈے کی منظوری دی تاہم کچھ ایجنڈا آئٹمز کو مئوخرکردیا گیا یاد رہے کہ لاہور سے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان بذریعہ آن لائن میٹنگ کا حصہ بنے۔ میٹنگ کے دوران بورڈ آف گورنرز نے نہ صرف 198 ویں بورڈ میٹنگ کے تمام فیصلوں کی توثیق کی بلکہ چیئرمین ‘ سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے تقرر ناموں کی بھی توثیق فرمائی۔اسی طرح بورڈ کے اسسٹنٹ سے سپرنٹنڈنٹ کے عہدوں پر پروموٹ ہونے والے اہلکاروں کی بھی پروموشن اور آئندہ چند ماہ میں ریٹائرڈ ہونے والے بورڈ ملازمین کی ریٹائرمنٹ اور ان کے معاوضہ جات کی ادائیگی کی بھی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر پی بی سی سی کے تمام فیصلوں کو بھی دیگر بورڈز کی طرح فیصل آباد بورڈ میں بھی اپنانے کی منظوری دی گئی’ میٹنگ میں بورڈ میں توانائی کی بچت کیلئے بورڈ میں 200KVA سولر سسٹم کی تنصیب کی بھی منظوری دی گئی’ میٹنگ میں طلبا و طالبات کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر وحکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق امتحان انٹرمیڈیٹ (اول) سالانہ 2026 پارٹ فرسٹ میں کمپیوٹر سائنس کے مضمون کی سکرین مارکنگ کی بھی منظوری دی گئی’ اس موقع پر بورڈ ملازمین کے میڈیکل بلز کی ادائیگی کی منظوری سمیت سائیکل سٹینڈ و کینٹین کی نیلامی کی بھی توثیق فرمائی گئی۔ اسی طرح بورڈ میٹنگ میں پی بی سی سی کے امتحان میٹرک و انٹر سالانہ 2026 کے طلبا وطالبات کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر سیپلی کے 4 چانس کی بجائے 6 کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیکریسی آفیسران کے معاوضہ جات میں بھی اضافہ کی منظوری دیدی گئی تاہم کچھ ایجنڈوں پر کارروائی کو اگلی بورڈ میٹنگ تک مئوخر کر دیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے تمام بورڈ ممبران کا بورڈ میں تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا اور مل کر حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق لوگوں کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔




