بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر کمی ریکارڈ

اسلام آباد (بیوروچیف)پاکستان ادارہ شماریات نے بڑی صنعتوں کی پیداوار کے تازہ اعدادوشمار جاری کر دیئے جن کے مطابق مئی 2026میں بڑی صنعتوں کی پیداوار سالانہ بنیاد پر 0.98فیصد کم رہی، جبکہ اپریل 2026کے مقابلے میں ماہانہ بنیاد پر 1.21فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26کے جولائی تا مئی کے 11 ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی مجموعی پیداوار میں 5.77فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق مئی 2026میں آٹو موبائل سیکٹر کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 20.81فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مالی سال کے ابتدائی 11ماہ میں اس شعبے کی مجموعی پیداوار 58.82فیصد بڑھ گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مئی 2026ء میں چینی کی پیداوار میں 23.25فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جولائی تا مئی کے دوران چینی کی مجموعی پیداوار 31.54فیصد بڑھی۔اسی طرح مئی 2026ء میں پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 15.75فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گارمنٹس سیکٹر کی پیداوار میں ماہانہ بنیاد پر 7.05فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔دوسری جانب ادارہ شماریات کے مطابق بعض شعبوں کی پیداوار میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی، مئی 2026ء میں آئرن اینڈ سٹیل کی پیداوار 12.57فیصد کم رہی، جبکہ سیمنٹ کی پیداوار میں ماہانہ بنیاد پر 9.36فیصد اور کھاد کی پیداوار میں 4.77فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق ادویات، کیمیکلز اور ٹیکسٹائل کے بعض ذیلی شعبوں کی پیداوار میں بھی مئی 2026ء کے دوران گراوٹ دیکھی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں