بھائی کے مقدمہ قتل کی پیروی کرنے پر مخالفین نے 4بچوں کے باپ کو مار ڈالا

جڑانوالہ(نامہ نگار) جڑانوالہ مقدمہ کی پیروی کرنے پر مخالفین نے فائرنگ کرکے 4بچوں کے باپ کو قتل کر دیا،مخالفین نے کچھ عرصہ قبل مقتول کے بھائی علی نواز کو بھی قتل کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ تھانہ صدر کی حدود چک نمبر 24گ ب قتل کے مقدمہ کی پیروی کرنے پر مخالفین یاسر وغیرہ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دن دیہاڑے فائرنگ کرکے 4بچوں کے باپ کو قتل کر دیا۔ مقتول کی شناخت سجاد ولد محمد حیات ساکن 24گ ب کے نام سے ہوئی ہے۔ لواحقین کے مطابق کچھ عرصہ قبل دیہہ ہذا کے رہائشی ابوبکر،سیف اللہ،یاسر پسران عبدالخالق نے مقتول سجاد کے بھائی علی نواز کو بھی قتل کیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ صدر میں درج رجسٹرڈ ہوا تھا، مقدمہ میں نامزد 2ملزمان ابوبکر اور سیف اللہ کو پولیس نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا مگر مقدمہ میں نامزد تیسرا ملزم یاسر تاحال گرفتار نہ ہو سکا ہے۔ درج رجسٹرڈ مقدمہ کی پیروی اب قتل ہونیوالے سجاد کا بھائی فرہاد علی کر رہا ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ مخالفین مقدمہ قتل کی پیروی کرنے پر سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دے رہے تھے مگر پولیس نے مبینہ طور پر نوٹس نہ لیا ہے۔ مقتولین کے قتل میں ملوث ملزمان 25مقدمات میں ملوث ہیں اور علاقے میں خوف و ہراس کی علامت بنے ہوئے ہیں۔ مقتول سجاد کے لواحقین نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ پولیس تھانہ صدر نے لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا پولیس تھانہ صدر نے مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں