بھارتی آبی جارحیت کیخلاف مضبوط حکمت عملی تیار کرنیکا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) بھارتی آبی جارحیت کے خلاف ایک مضبوط حکمت عملی کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پلاننگ کمیشن کی سربراہی میں انجینئرز پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔انجینئرز کے وفد سے ملاقات میں احسن اقبال نے انجینئرز کے لیے لاہور میں قائم انجینئرز لانج کا افتتاح کیا۔اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ کمیٹی میں انسٹیٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان (آئی ای پی)، پاکستان انجینئرنگ کانگرس، پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی ) اور دی انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس انجینئرز آف پاکستان (آئی ای ای ای پی) اور دیگر نمائندے شامل ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فیڈریشن آف انجینئرنگ انسٹیٹیوشن آف پاکستان بھی تشکیل دی جائے گی، جب کہ تمام صوبوں کی مشاورت سے بھارتی آبی جارحیت سے نمٹنے کے لیے قومی پالیسی مرتب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے انجینئرز پر مشتمل کمیٹی تکینیکی مسائل کو حل کرنے کے لیے تجاویز دے گی، اور صوبوں کے درمیان ہونے والے تکنیکی مسائل کو سیاسی بنیادوں پر نہیں تکنیکی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں