بھارت میں غیر ملکی سرمایہ کاری ڈوبنے لگی (اداریہ)

بھارت کی جارحانہ سفارتی اور عسکری پالیسیوں کے مہنگے اثرات اب معیشت پر نمایاں ہونے لگے ہیں مالی سال 2024-25ء کے ابتدائی اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں غیر ملکی سرمایہ کاری تقریباً 96.5فی صد تک کم ہو گئی ہے جو عالمی سرمایہ کاری کے گرتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس بھارت کو 10بلین ڈالرز تک غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل ہوئی تھی جبکہ رواں مالی سال کے دوران یہ رقم محض 353ملین ڈالرز تک محدود ہو گئی ہے یہ کمی صرف ایک عددی گراوٹ نہیں’ بلکہ بھارت کی عالمی پالیسیوں پر عدم اعتماد کی عکاسی بھی کرتی ہے، معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی جارحیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سفارتی تنازعات نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سخت تحفظات میں مبتلا کر دیا ہے نتیجتاً وہ بھارت میں سرمایہ لگانے کے بجائے دیگر نسبتاً مستحکم اور پرامن مارکیٹس کی جانب منتقل ہو رہے ہیں اس سرمایہ کاری کے بحران کے براہ راست اثرات بھارتی معیشت پر بھی پڑنا شروع ہو چکے ہیں، بھارتی روپیہ دبائو کا شکار ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی بتدریج کمی دیکھی جا رہی ہے معاشی ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو بھارت کو جلد ہی سنگین مالی بحران کا سامنا ہو سکتا ہے، دوسری جانب مودی سرکار کی پالیسیوں کو اپوزیشن اور معاشی تجزیہ کار شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے سر پر جنگ سوار ہے جبکہ دوسری جانب اس کے ملک بھارت میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی کے ساتھ ساتھ انویسٹرز مزید سرمایہ لگانے سے گریزاں نظر آ رہے ہیں معاشی ماہرین بھارتی وزیراعظم کو خبردار کر رہے ہیں مگر بھارتی وزیراعظم صرف اپنی ہانک کر اپنے ملک کا بیڑہ غرق کرنے پر تلے ہوئے ہیں اب تو عالمی سطح پر بھی مودی کو جھوٹا قرار دیا جا رہا ہے امریکہ کی معروف پروفیسر اور سکیورٹی ماہر کرسیٹن فیئر نے بھارتی حکومت اور بھارتی میڈیا کو ایک بار پھر آئینہ دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنی ہر ممکن کوشش کے باوجود پاکستان کو خوفزدہ نہیں کر سکا ایک بھارتی ٹی وی پروگرام کے دوران اپنے تبصرے میں امریکی پروفیسر نے کہا کہ ڈیٹرنس کا اندازہ اس ملک کے رویے سے لگایا جاتا ہے جسے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہو موجودہ حالات میں ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ پاکستان نے اپنی پوزیشن ترک کی ہو یا موقف سے پیچھے ہٹا ہو انہوں نے بھارت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے بے بنیاد دعوے کر کے خود کو ایک خطرناک صورتحال میں ڈال دیا ہے بھارت کے اندر سے میڈیا’ جسے میں خاص طور پر فسادی میڈیا کہتی ہوں اس نے عوام کو غلط معلومات فراہم کی ہیں، پروفیسر کرسٹن فیئر نے واضح کیا کہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت نہ تو پاکستان کو کسی ناکامی سے دوچار کر سکا اور نہ ہی اسے خوفزدہ کر سکا ہے پاکستان پیچھے نہیں ہٹا اور نہ ہی بھاگا ہے انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ یہ تنازع بھارت کی توقع سے کہیں زیادہ شدت اختیار کر گیا امریکی پروفیسر کرسٹن فیئر نے بھارتی حکومت اور بھارتی میڈیا کو آئینہ دکھا کر دنیا کو بھی بتا دیا کہ بھارت مکاری کی سیاست کے ساتھ ساتھ جنگی جنون میں بھی مبتلا ہے اور پاکستان نے تحمل مزاجی کا مظاہرہ کر کے صرف چند گھنٹوں کے اندر بھارت کا غرور خاک میں ملا کر اسے اسکی اوقات یاد دلا دی ہے بھارت کی مودی حکومت نے دنیا بھر میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی سرپرستی کو جس طرح باقاعدہ ریاستی پالیسی کی حیثیت دے رکھی ہے اس پر اسے سخت تنقید کا سامنا ہے بھارت نے پہلگام واقعہ کا پاکستان پر الزام عائد کر کے باقاعدہ فوجی جارحیت کا ارتکاب کیا اور اس کے بعد افواج پاکستان نے اس کے گھر میں گھس کر اسکی دفاعی تنصیبات کا جو حشر کیا تو اس کو وہ بھول نہیں سکے گا اگر مودی حکومت نے اب کوئی مزید غلطی کی تو اس کیلئے اچھا نہیں ہو گا لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ امن کی زبان سمجھے اور خطے کو جنگ میں جھونکنے سے باز رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں