فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے راہنما حلقہ پی پی114 سے سدابہار ایم پی اے میاں طاہر جمیل پنجاب اسمبلی میں غریب اور مزدور کی آواز بن گئے، ٹریفک وارڈنز کی جانب سے بلاوجہ موٹرسائیکل’ رکشہ اور گھریلو گاڑیوں کے دھڑا دھڑ چالان کا سلسلہ بند کروانے کیلئے سرگرم۔ ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل نے پنجاب اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ٹریفک پولیس نے چالان کے ٹارگٹ کو پورا کرنے کیلئے شہر بھر میں غریب’ محنت کشوں کی موٹرسائیکلوں’ لوڈر رکشوں اور گھریلو گاڑیوں کے دھڑا دھڑ چالان کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ غریب پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے دو وقت کی روٹی سے تنگ ہے اور پٹرول کی قیمت میں اضافہ سے پریشانی میں مبتلا ہے اور اوپر سے ٹریفک پولیس نے چھوٹی گاڑیوں’ موٹرسائیکل اور موٹرسائیکل رکشہ’ آٹو رکشہ کے بلاوجہ چالان کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جسکی وجہ سے فیصل آباد کے شہری شدید پریشان ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق غریب طبقے کو ریلیف اور سہولیات دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ مزدور سکون سے اپنے گھر کا چولہا چلا سکے۔ انہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو کہا کہ وہ اسمبلی سے وزیر ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کو حکم جاری کریں کہ اپنے چالانوں کے ٹارگٹ پورے کرنے کیلئے غریب شہریوں کے بلاوجہ چالانوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔




