بہن بھائی کو گولیاں مار کر لڑکی کو اغوا کرنیوالے دو ملزم گرفتار،لڑکی بازیاب

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ سٹی تاندلیانوالہ قیصر مختار نے آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر کے بہن بھائی کو زخمی کرتے ہوئے لڑکی کو اغواء کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر کے لڑکی کو بازیاب کروا لیا۔ تفصیل کے مطابق 425 گ ب کے رہائشی الطاف حسین نے بتایا کہ 2مارچ کو آتشیں اسلحہ سے لیس ہو کر فرحان’ رزاق’ ظفر عرف بگو’ بابر وغیرہ 19نامزد اور 7نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ گھر داخل ہوئے اور اسکی 15سالہ بھانجی صنوبر بی بی کو اٹھا کر لے جانے لگے تو اس کے بھائی ابرار حسین اور ہمشیرہ زیبا بی بی نے آگے .بڑھ کر لڑکی کو چھڑوانے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ گولیاں لگنے سے بہن بھائی بری طرح زخمی ہو گئے۔ ملزمان نے فائرنگ کر کے علاقہ میں خوف وہراس پھیلا دیا اور اسکی بھانجی کو قتل کرنے کی نیت سے اغواء کر کے لے گئے جس پر سٹی تاندلیانوالہ پولیس نے دہشت گردی’ اقدام قتل’ اغواء سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ تاہم ایس ایچ او نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر دو ملزمان فرحان اور رزاق کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے مغویہ کو بازیاب کروا کر دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں