اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی حکومت نے بیرون ملک سیاسی پناہ کے لیے درخواستیں جمع کروانے والے افراد کے پاسپورٹس منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے وزیر خارجہ کا گزشتہ سال کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے پاسپورٹ رولز میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزارت قانون و انصاف کے ذرائع کے مطابق پاسپورٹ رولز میں ترمیم کی سمری کابینہ کمیٹی برائے ڈسپوزل لیجسلیٹو کیسز (سی سی ایل سی) کو ارسال کردی گئی ہے۔سمری سی سی ایل سی سے منظوری کے بعد وفاقی کابینہ کو بھیجی جائے گی، ذرائع کے مطابق ایک لاکھ سے زائد پاکستانی شہریوں نے مختلف ممالک میں سیاسی پناہ کی درخواستیں دی ہیں جو حقائق پرمبنی نہیں۔ذرائع کے مطابق وزارت قانون نے بتایا کہ سیاسی پناہ کے خواہشمند پاکستانی شہری ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ ذرائع نے بھی تصدیق کی کہ سیاسی پناہ لینے والے شہریوں کی پاسپورٹ کی تجدید بھی مستقبل میں نہیں ہوگی۔




