بیرون ملک مقیم پاکستانی قابل فخر سرمایہ ہیں،مریم نواز

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے رکن قومی اسمبلی چوہدری نصیر احمد عباس اور مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں، اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔صدر پاکستان مسلم لیگ ن جاپان نے پنجاب میں امن و امان کی بہتری پر اوورسیز پاکستانیوں کے انویسٹمنٹ کے بڑھتے رحجان سے آگاہ کیا۔ملک نور اعوان نے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات اور مسائل سے آگاہ کیا، ایم ان اے نصیر عباس اور مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نیعوام دوست پراجیکٹس پر خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہر علاقے کی یکساں ترقی اور عوامی فلاح کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، مثالی گائوں پراجیکٹ کے تحت دیہات میں شہروں جیسی اعلی معیار ی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔پنجاب کے12ہزار کلومیٹر روڈز کی تعمیر و بحالی ہو چکی ہے دسمبر تک 18ہزار کلومیٹر مکمل ہو جائے گی، فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز سے ایک کروڑ سے زائد مریض گھر کی دہلیز پر مستفید ہو چکے ہیں، وطن عزیز کی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔بیرون ملک پاکستانی ملک کا قابل فخر سرمایہ ہیں اور حکومت انکے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، حکومت پنجاب سرمایہ کاری کے مواقع بڑھا رہی ہے تاکہ اوورسیز کمیونٹی کی محنت ملک کی خوشحالی میں ڈائریکٹ شامل ہو سکے۔چوہدری نصیرعباس کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں عوامی خدمت کے نئے باب رقم ہو رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں