بیوٹیفکیشن کے نام پر فیصل آباد کے8بازاروں میں کاروبار تباہ کردیا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بیوٹیفکیشن کے نام پر فیصل آباد میں تاجروں کا کاروبار تباہ کر دیا گیا’ کچہری بازار ٹک ٹاک بازار بن گیا۔ ان خیالات کا اظہار سابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ کے مرکزی صدر میاں عبدالمنان نے تاجر رہنما شیخ محمد آصف انوار کی جانب سے منعقدہ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایم پی اے میاں طاہر جمیل’ سپریم انجمن تاجران فیصل آباد کے صدر الحاج اسلم بھلی ودیگر تاجر رہنما بھی شریک تھے۔ میاں عبدالمنان نے مزید کہا کہ میں اور میاں طاہر جمیل ساتھیوں کے ہمراہ سابق ڈویژنل کمشنر محترمہ مسرت جبیں کو ملنے گئے اور انہیں بتایا کہ بیوٹیفکیشن کے نام پر ہمارے شہر کے تاجروں کے کاروبار تباہ ہو گئے ہیں۔ میں نے ان سے کہا کہ ڈیڑھ سال بعد آپ نے ٹینڈر دکھا دیا کہ ہم پارکنگ پلازے بنا رہے ہیں مگر ہماری گاڑیاں بند کر کے اور بازار بند کر کے ہمارے کاروبار کا بیڑا غرق کر دیا گیا، ہم یہ مانتے ہیں کہ پچھلے ڈیڑھ سال میں سیاسی آواز اتنی طاقت ور نہیں رہی جتنی طاقت ور بیوروکریسی تھی لیکن اب مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ حالات بدل رہے ہیں، ہر ایک کو اپنی اپنی حیثیت کا ادراک ہو رہا ہے، ہم نے 4اگست کو شہدائے کربلا چہلم کے موقع پر آٹھ بازار بند کرنے کی پوسٹیں پڑھیں جس پر سی پی او’ سی ٹی او اور ڈی سی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں۔ مگر 4 اگست کو صبح سویرے گاڑیاں کھڑی کر کے آٹھ بازاروں اور ملحقہ گلیوں اور بازاروں کو گاڑیاں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا، میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ جن بازاروں میں جلوس نہیں تھا ان بازاروں کو کیوں بند کیا گیا کچھ خدا کا خوف کریں جو آوازیں کاکروچ کی آ رہی ہیں تم بھی سن لو، فیصل آباد پاکستان کا سب سے بڑا ٹیکسٹائل سیکٹر ہے جو تباہ ہو گیا، شہر کے تاجر رو رہے ہیں، میں اپنی ٹیم کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں جائوں گا وہاں سپیکر ودیگر سے ملاقات کر کے انہیں بتائوں گا کہ ایک بازار کا بیڑا غرق کر دیا گیا دیگر کا نہ کریں۔ ہم تجاوزات کے خلاف آپریشن کے خلاف نہیں۔ آپ بجلی کا نظام انڈرگرائونڈ کریں۔ اچھی سڑکیں بنائیں مگر تاجروں کو کاروبار کرنے دیں، بازاروں کا حسن کاروبار سے ہوتا ہے، ٹک ٹاک بنانے سے نہیں، کچہری بازار ٹک ٹاک بازار بن گیا۔ جو رات کو جہاں ہوتا ہے وہ باعث شرم ہے۔ فیصل آباد کاروبار کا گڑھ ہے خدارا تاجروں کے کاروبار ہرگز تباہ نہ کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں