ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نیلم تھیٹر چنیوٹ سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد اور ضلعی انتظامیہ چنیوٹ کی جانب سے نیلم تھیٹر میں ضابطہ اخلاق اور دیگر قانو نی و انتظامی امور کی نگرانی کے سلسلے میں مشترکہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔کا رر و ا ئی کے دوران نیلم تھیٹر چنیوٹ میں متعدد خلاف ورزیوں کا مشاہدہ کیا گیا جن میں منظور شدہ ڈرامے اور تھیٹر کے طے شدہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور تشہیری مواد سے متعلق بے ضابطگیاں شامل تھیں۔ متعلقہ حکام کی جانب سے موقع پر صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور خلاف ورزیوں کی رپورٹ مرتب کی گئی۔ضلعی انتظامیہ چنیوٹ اور پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد کے متعلقہ افسران نے تھیٹر انتظامیہ کو واضح کیا کہ تھیٹر میں تمام سرگرمیاں مقررہ قوانین، ضابطہ اخلاق اور متعلقہ حکام کی اجازت کے مطابق ہونی چاہئیں۔ خلاف ورزیوں کی بنیاد پر نیلم تھیٹر چنیوٹ کو سیل کر دیا گیا۔حکام نے واضح کیا کہ تھیٹر میں قانون، ضابطہ اخلاق اور انتظامی ہدایات کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ کسی بھی تھیٹر کو غیر مجاز سرگرمیوں، خلاف ورزی یا قواعد و ضوابط کی عدم پابندی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تھیٹرز کی نگرانی اور مانیٹرنگ کا عمل آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ فنونِ لطیفہ کے فروغ کے ساتھ ساتھ قانونی و اخلاقی ضوابط کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں