احور(مانیٹرنگ ڈیسک) یمن کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 54افراد ہلاک، 100افراد لاپتہ ہوگئے۔خبر ایجنسی کے مطابق واقعہ یمن کے صوبہ ابین کے علاقے احور میں پیش آیا جہاں ایک گنجائش سے زائد بھری ہوئی کشتی خراب موسم کے باعث سمندر کی موجوں کا مقابلہ نہ کرسکی اور ڈوب گئی۔محکمہ صحت کے مطابق کشتی میں تقریباً 150افراد سوار تھے جن میں سے 10کو ریسکیو کر لیا گیا، ان میں سے 9کا تعلق افریقی ملک ایتھوپیا اور ایک کا تعلق یمن سے ہے، باقی افراد کی تلاش کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم موسم کی شدت اور سمندری حالات امدادی کام میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرین کے مطابق افریقا سے یمن کا یہ سمندری راستہ دنیا کے خطرناک ترین ہجرتی راستوں میں سے ایک ہے، مہاجرین یہاں سے سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ معاشی بہتری حاصل کی جا سکے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی اسی راستے پر تین بڑے حادثات پیش آئے تھے جن میں 90سے زائد افراد جان سے گئے جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد لاپتہ ہوئے، 2024 کے دوران اندازاً 60ہزار سے زائد مہاجرین نے یمن کا رخ کیا۔




