فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر مسٹر ٹموتھی کین نے لائلپور میوزیم فیصل آباد کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر لائلپور میوزیم مقبول ملک نے میوزیم کے افسران و عملے کے ہمراہ معزز مہمان کا پرتپاک استقبال اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ ڈائریکٹر لائلپور میوزیم نے مسٹر ٹموتھی کین کو میوزیم کی دس گیلریز کا تفصیلی دورہ کرایا اور انہیں فیصل آباد وگردونواح کی تاریخ، تہذیب، ثقافت، روایات اور تاریخی ورثے کے مختلف پہلوئوں سے آگاہ کیا۔آسٹریلوی ہائی کمشنر نے میوزیم کی تمام گیلریز میں رکھے گئے تاریخی نوادرات، فن پاروں، قدیم اشیا اور دیگر ثقافتی شواہد میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔انہیں بالخصوص ساندل بار کی ثقافت و ورثے، علاقائی روایات، قدیم طرزِ زندگی، ٹیکسٹائل ورثے اور لائلپور سے فیصل آباد تک شہر کے تاریخی سفر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسٹر ٹموتھی کین نے کہا کہ میوزیم صرف تاریخی نوادرات کے تحفظ کے مراکز نہیں بلکہ مختلف اقوام اور معاشروں کے درمیان ثقافتی پل کا کردار بھی ادا کر سکتے ہیں جو ثقافتی روابط اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے میوزیمز مشترکہ نمائشوں، ماہرین کے تبادلے اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے باہمی تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی تاریخ اور ثقافت کو بہتر طور پر سمجھنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔مسٹر ٹموتھی کین نے فیصل آباد کے لوگوں کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے انہیں خوش اخلاق، دوستانہ اور مہمان نواز قرار دیا۔انہوں نے مقامی ثقافت اور روایات کی بھی تعریف کی اور فیصل آباد کے مقامی کھانوں کو سرا ہا۔دورے کے اختتام پر ڈائریکٹر لائلپور میوزیم نے آسٹریلوی ہائی کمشنر مسٹر ٹموتھی کین کو لائلپور میوزیم کی جانب سے یادگاری سووینئر پیش کیا۔




